عازمین کو حجاز مقدس پہنچانے کیلئے حج آپریشن کا کل سے آغاز


اسلام آباد(صباح نیوز) عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچانے کیلئے حج آپریشن کل سے  شروع ہوگا جو ایک ماہ تک جاری رہے گا۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق حج 2024 کیلئے فلائٹ آپریشن (آج )9 مئی تا 9 جون جاری رہے گا،پہلے 15 روز تمام پروازیں براہ راست مدینہ منورہ پہنچیں گی۔ 24 مئی تا 9 جون بیشتر پروازیں جدہ ایئرپورٹ پر اتریں گی،فلائٹ آپریشن کے پہلے روز 11 پروازوں کے ذریعے 2160 عازمین سعودی عرب روانہ ہونگے ۔اسلام آباد سے 3 پروازوں کے ذریعے 680 عازمینِ حج سعودی عرب روانہ ہونگے،کراچی سے 2 پروازوں کے ذریعے 330 مسافر روانہ ہوں گے،لاہور سے 3 پروازوں کے ذریعے 670 مسافر روانہ ہونگے۔ترجمان نے کہا کہ ملتان سے دو پروازوں کے ذریعے 329عازم کرام سفر حج کا آغاز کریں گے، سیالکوٹ سے ایک پرواز کے ذریعے 151 عازمینِ کرام مدینہ منورہ پہنچیں گے،کوئٹہ سے پہلی حج پرواز 11مئی کو روانہ ہو گی۔سکھر سے پہلی حج پرواز 27 مئی کو روانہ ہو گی،259حج پروازوں کے ذریعے 68 ہزار سے زائد سرکاری عازمینِ حج سعودی عرب پہنچیں گے۔

ترجمان نے کہا کہ حج فلائٹ آپریشن 9 جون کو اختتام پذیر ہو گاجبکہ 20 جون کو پہلی پرواز حجاجِ کرام کو لے کر وطن واپس پہنچے گی۔