سکھ برادری کے جذبات کا مکمل ادراک ہے، مسعود خان


واشنگٹن(صباح نیوز)امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام سکھ برادری کے مذہبی جذبات کا مکمل ادراک رکھتی ہے اور ہمارے دروازے سکھ برادری کے لئے کھلے ہیں۔ پاکستان میں واقع سکھوں کے مذہبی مقامات کی یاترا کے حوالے سے دنیا بھر کی سکھ برادری کو بھرپور تعاون کی فراہمی کا سلسلہ حسب روایت جاری رہے گا، وہ امریکن پنجابی سوسائٹی کے ایک وفد سے بات چیت کررہے تھے جس نے سفارتخانہ پاکستان میں ان سے ملاقات کی۔

امریکن پنجابی سوسائٹی کے صدر گیری سکا نے سفیر پاکستان کو بتایا کہ سوسائٹی  ایک لاکھ پنجابی سکھ اراکین پر مشتمل ہے جس میں سے بعض کا تعلق پاکستان سے بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ عنقریب امریکن پنجابی سوسائٹی کا  ایک سو پندرہ افراد پر مشتمل وفد مذہبی مقامات کی یاترا کرنے پاکستان کا دورہ کر ے گا ۔ اسی دوران وہ  لاہور، فیصل آباد، اسلام آباد اور کرتارپور کا سفر کرے گا۔ وفد میں شامل سکھ برادری کے دیگر افراد نے اپنے سابقہ دوروں خصوصاً کرتارپور کی یاترا کا حوالے دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام کی مہمان نوازی دلوں کو موہ لیتی ہے۔انہوں نے پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سکھ برادری کو پاکستان میں ہمیشہ خوش آمدید کہا ہے اور ان کی بھرپور  خاطر مدارت کی ہے۔  انہوں نے سکھ برادری کو مذہبی مقامات کی یاترا کے حوالے سے سہولت کاری پر بھی حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

سفیر پاکستان مسعود خان نے وفد کا سفارت خانے میں خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام سکھ برادری کے مذہبی جذبات کا احترام کرتی ہے اور اس حوالے ہم سکھ برادری کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی سیاحت کے حوالے سے ویزہ پالیسی مختلف عقائد کے پیروکاروں کے جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے انتہائی آسان بنا دی گئی جس کا مقصد زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے وفد کو دورہ پاکستان کے دوران نہ صرف ویزہ کے حصول بلکہ پاکستان کے مختلف شہروں کے دورے کے دوران بھی ہر ممکنہ تعاون کا یقین دلایا۔