یوسف رضا گیلانی کی رفح میں اسرائیلی فوج کی حالیہ دراندازی کی شدید مذمت

اسلام آباد (صباح نیوز) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے رفح میں اسرائیلی فوج کی حالیہ دراندازی اور بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ  اقدام بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کے مترادف ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ  عالمی برادری  صیہونی اسرائیلی انتہا پسند حکومت کو جوابدہ ٹھہرائے۔ رفح پر حملے سے غزہ کے پہلے سے بے گھر لوگوں کیلئے مشکلات میں بے انتہا اضافہ ہوگا۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے رفح میں تشدد اور خونریزی نے لاکھوں فلسطینیوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے ہسپتالوں کو نشانہ بنانے سے غزہ میں انسانی صورت صورتحال تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے۔عالمی برادری رفع میں اسرائیل کی جارحانہ کارروائیوں اور مزید خونریزی اور نقل مکانی کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ غزہ میں فوری اور جامع جنگ بندی کی جائے۔

معصوم فلسطینیوں کا قتل عام سنگین جنگی جرم ہے۔ خواتین اور بچوں کو وحشیانہ حملوں کا نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے اور اسے ختم ہونا چاہیے۔ سینیٹ نے فلسطینیوں کی حمایت کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے حکومتوں اور بین الاقوامی اداروں پر زور دیا کہ وہ مسئلہ فلسطین کے پرامن اور مستقل حل کے لیے اپنی کوششیں تیز کریں۔