وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سے جاپانی سفیر کی قیادت میں پاکستان میں جاپانی کمپنیوں و کاروباری شخصیات کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کی صنعت میں سرمایہ کاری کی وسیع استعداد موجود ہے، بہترین ٹیکنالوجی کی حامل جاپانی کمپنیاں اس سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتی ہیں،جاپانی کمپنیوں کے پاکستان میں اپنی کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دینے کے حوالے سے مسائل کے حل کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے،جاپانی تاجروں اور پاکستانی حکومتی اہلکاروں کے تعاون سے ایک ہفتے کے دوران ان مسائل کا حل یقینی بنایا جائے گا۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں جاپانی کمپنیوں و کاروباری شخصیات کے وفد کی جاپانی سفیر کی قیادت میں ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں وفاقی وزرا جام کمال خان، محمد اورنگزیب، رانا تنویر حسین، عبدالعلیم خان، وزیرِ مملکت شزہ فاطمہ خواجہ، چیئر مین ایف بی آر اور متعلقہ اعلی حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ جاپان اور پاکستان دیرینہ دوست ممالک ہیں ،جن کے مابین تجارتی تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں۔ وقت آگیا ہے کہ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید فروغ دیں۔ جاپانی صنعتکاروں اور تاجروں کو درپیش تمام مسائل پر مل کر قابو پائیں گے،

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کی صنعت میں سرمایہ کاری کی وسیع استعداد موجود ہے، بہترین ٹیکنالوجی کی حامل جاپانی کمپنیاں اس سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتی ہیں، جاپانی کمپنیوں کے پاکستان میں اپنی کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دینے کے حوالے سے مسائل کے حل کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جاپانی تاجروں اور پاکستانی حکومتی اہلکاروں کے تعاون سے ایک ہفتے کے دوران ان مسائل کا حل یقینی بنایا جائے گا۔ ملاقات میں جاپانی وفد نے وزیرِاعظم کی قیادت میں حکومت کی پاکستان میں کاروبار دوست پالیسیوں اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اقدامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ جاپانی سفیر نے وزیرِاعظم کو رواں برس جولائی میں 20 رکنی معروف جاپانی کمپنیوں کے وفد کی پاکستان آمد کے بارے آگاہ کیا جو دونوں ممالک کے مابین سرمایہ کاری و تجارت کے فروغ کیلئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

جاپانی وفد نے اس امید کا اظہار کیا کہ وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی پاکستان میں سرمایہ کاری کے اضافے پر خصوصی توجہ اور کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہو گا اور ملکی برآمدات بڑھیں گی۔ وفد نے وزیرِاعظم کو آگاہ کیا کہ جاپانی کمپنیوں نے پاکستان میں ہائی برڈ گاڑیوں کی مقامی سطح پر تیاری شروع کر دی ہے۔ وزیرِ اعظم نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا۔ مختلف کمپنیوں کے نمائندوں نے وزیرِاعظم کو پاکستان میں جاری اپنی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا اور اجلاس کو بتایا کہ جاپانی کمپنیاں ویلیو ایڈیشن کے بعد پاکستان سے دوسرے ممالک میں بھی برآمدات کر رہی ہیں۔