فوجی عدالتوں میںشہریوں کے ٹرائل کیخلاف کیس کی جلد سماعت کیلئے سپریم کورٹ میں متفرق درخواست دائر


اسلام آباد (صباح نیوز)فوجی عدالتوں میں شہریوں کے ٹرائل کے خلاف کیس کی جلد سماعت کے لئے سپریم کورٹ میں متفرق درخواست دائر کردی گئی۔ جلد سماعت کے لئے متفرق درخواست سینئر وکیل اعتزاز احسن نے دائر کی۔درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ ملٹری حراست میں موجود افراد کے مقدمات کے فیصلے سپریم کورٹ میں کیس زیر سماعت ہونے کی وجہ سے نہیں ہو رہے، متعدد افراد جرم ثابت ہوئے بغیر فوج کی حراست میں ہیں۔

اس میں استدعا کی گئی کہ کیس 14 مئی سے شروع ہونے والے ہفتے میں سماعت کے لئے مقرر کیا جائے۔درخواستگزار نے اپیل کے ساتھ سپریم کورٹ کے 13 دسمبر 2023 کے حکمنامے کی نقل بھی فراہم کی ہے۔واضح رہے کہ 24 اپریل کو سپریم کورٹ نے فوجی عدالتوں میں سویلین ٹرائل کو کالعدم قرار دینے کے خلاف اپیل ججز کمیٹی کو واپس بھجوا دی تھی۔