پی آئی اے حج آپریشن کا اعلان ، پہلی حج پرواز 9 مئی کو روانہ ہو گی

اسلام آباد(صباح نیوز)قومی ایئر لائن پی آئی اے کے قبل از حج آپریشن کا آغاز 9 مئی 2024 سے ہوگا جو 10 جون تک جاری رہے گا، ایئرلائن انتظامیہ نے انتظامات مکمل کرلئے ۔ پی آئی اے انتظامیہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ابتدائی منصوبہ بندی کے مطابق پی آئی اے تقریبا 34 ہزار عازمین حج کو 170 پروازوں کے ذریعے حجاز مقدس پہنچائے گی، 19 ہزار عازمین سرکاری حج سکیم اور 15 ہزار پرائیوٹ حجاج پی آئی اے کے ذریعے سفر کریں گے۔ رواں سال پی آئی اے پاکستان کے 8 شہروں بشمول اسلام آباد ، کراچی ، لاہور ، پشاور ، ملتان ، کوئٹہ ، سیالکوٹ اور سکھر سے جدہ اور مدینہ منورہ کے لئے براہ راست پروازیں آپریٹ کرے گی۔مزید برآں اس سال روڈ ٹو مکہ منصوبہ اسلام آباد اور کراچی کے ہوائی اڈوں پر دستیاب ہوگا،

طریق مکہ یا روڈ ٹو مکہ کے ذریعے عازمین حج اپنی سعودی امیگریشن پاکستان ہی میں کرائیں گے۔اس سے جدہ یا مدینہ منورہ میں امیگریشن کیلئے طویل قطاروں کی کوفت سے بچت ہوگی۔پی آئی اے نے حجاج کی آگاہی کیلئے ایک ہدایت نامہ بھی جاری کیا ہے جس میں نسک ایپلیکیشن سمیت دیگر ضروری ہدایات کا تفصیلی ذکر ہے۔ حجاج کرام ٹکٹ بنواتے وقت اپنے موبائل نمبرز کا ضروری اندراج کرائیں تاکہ ان کو ان کی پرواز سے متعلق بروقت معلومات میسر رہیں، تمام حجاج کرام سے استدعا کی گئی ہے کہ وہ حج کے مناسک کی ادائیگی کے دوران پاکستان کی سلامتی اور ترقی کیلئے دعائیں کریں۔۔