انوار الحق کاکڑ نے جعلی فارم 47 پر مہر تصدیق لگا دی،بیرسٹرسیف

پشاور(صباح نیوز)مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ سابق نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے جعلی فارم 47 پر مہر تصدیق لگا دی۔ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ گورنر کے عہدے پر عوام کا مسترد شدہ شخص بٹھا دیا گیا، جعلی فارم 47 سرکار الیکشن میں مسترد افراد کو نواز رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مینڈیٹ چوروں سے پی ٹی آئی کا مینڈیٹ واپس لینا اب فرض بن چکا، اپوزیشن اتحاد کے ساتھ مل کر پی ٹی آئی جعلی سرکار کو زمین بوس کرے گی۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ چچا اور بھتیجی کی جعلی سلطنت کے لئے گہرا گڑھا تیار ہے۔انہوںنے کہا کہ مینڈیٹ چورٹولے کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے کسان رل گئے ،وفاق میں جعلی حکومت کے بعد بھی گندم کی درآمد کا سلسلہ جاری رہا ۔