اسحاق ڈار اورآذربائیجان کے وزیر خارجہ میں ملاقات،دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال


اسلام آباد (صباح نیوز) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف کے درمیان ملاقات ہوئی ہے ، ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا ۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات گیمبیا کے دارالحکومت بنجول میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے 15 ویں سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی، دونوں رہنماؤں کی جانب سے تجارت، توانائی اور عوامی رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے وزراء  نے سیاسی سطح پر روابط اور بات چیت کو فروغ دینے پر اتقاق رائے کیا ، ملاقات کے دوران وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے باکو کو COP29 کی میزبانی کے لئے نامزد ہونے پر مبارکباد دی۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اسحاق ڈار نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں تعاون اور تجربے کے تبادلے میں پاکستان کی جانب سے دلچسپی کا اظہار کیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے منصفانہ کاز پر آذربائیجان کے مضبوط اور اصولی موقف کی تعریف کی۔