بلاول بھٹو کا عالمی یوم صحافت کے موقع پرصحافیوں کو بااختیار بنانے کی ضرورت پر زور

اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نیصحافیوں کو بااختیار بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئیں مل کر آزادی صحافت کی مشعل کو آگے بڑھائیں، احتساب کے راستوں کو روشن کریں اور مکالمے کو فروغ دیں،صحافیوں کو بااختیار بنائیں کہ وہ بے خوف ہو کر سچائی کے راستوں پر سفر کر سکیں اور سب کے لیے ایک روشن مستقبل کی تشکیل کریں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پرپیغام میں کیا ہے انھوں نے  دنیا بھر کے صحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے انھوں نے کہا ہے کہ ان کی جماعت آزاد و خودمختار پریس کی حمایت کرتی ہے، جس کا جمہوری عمل کے فروغ میں کلیدی کردار ہے۔ آزادیِ صحافت نہ صرف جمہوریت کی بنیاد ہے بلکہ شفافیت، احتساب اور معاشرے میں متنوع خیالات کے پھیلا کے لیے بھی ضروری ہے۔ اس بنیادی حق کا تحفظ اور اس کی پاسداری ہر جمہوری حکومت اور پارٹی کی ذمہ داری ہونی چاہئے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تاریخی طور میڈیا نے ناانصافیوں کو بے نقاب، بدعنوانی کی نشاندھی اور پسماندہ طبقات کی آواز کو اٹھایا ہے۔ صحافیوں کو درپیش سنسرشپ، جعلی خبروں اور تشدد جیسے چیلنجز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے میڈیا اداروں پر زور دیا کہ وہ اپنی رپورٹنگ میں صحافتی اقدار، غیر جانبداری اور پیشہ ورانہ اصولوں کی پاسداری کو برقرار رکھیں۔

پی پی پی چیئرمین نے جمہوریت اور آزادی کے اصولوں پر مبنی آزادی صحافت کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور 1973  کے آئین میں آزادی اظہار رائے اور آزادی صحافت کی ضمانت کو قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی لیگیسی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ قائدِ عوام کی قیادت میں ہونے والی اصلاحات نے میڈیا کی پالیسیوں کو لبرل بنایا اور زیادہ سے زیادہ آزادی کو فروغ دیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے سنسرشپ کے کالے قوانین کا خاتمہ کیا اور آزاد میڈیا کی ترقی کی بھرپور حمایت کی۔ شہید بی بی نے عالمی سطح پر بھی آزادی صحافت اور انسانی حقوق کی حمایت کی، جمہوری حکمرانی میں ان کی اہمیت کو اجاگر کیا اور آمرانہ حکومتوں کے دوران پاکستان میں آزادی صحافت اور انسانی حقوق کے لیے بین الاقوامی حمایت حاصل کی۔

انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے 18 ویں آئینی ترمیم کے ذریعے آئین میں ‘جاننے کا حق’ شامل کرکے قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن اور رہنما اصولوں کی پیروی کی۔ پی پی پی چیئرمین نے بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر اور غزہ جیسے علاقوں میں کام کرنے والے صحافیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور سنگین خطرات کے باوجود انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر رپورٹنگ میں ان کی جراتمندانہ کردار کو سراہا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے زور دیا کہ آئیے ہم آزادی صحافت کی مشعل کو آگے بڑھائیں، احتساب کے راستوں کو روشن کریں اور مکالمے کو فروغ دیں۔ آئیے اپنی غیر متزلزل حمایت کے ذریعے صحافیوں کو بااختیار بنائیں کہ وہ بے خوف ہو کر سچائی کے راستوں پر سفر کر سکیں اور سب کے لیے ایک روشن مستقبل کی تشکیل کریں۔