مہنگائی میں کمی عوام کے لئے اچھی خبرہے ۔ شہبازشریف

اسلام آباد (صباح نیوز)وزیراعظم شہبازشریف نے مہنگائی میں کمی کو عوام کے لئے اچھی خبر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دو سال میں مہنگائی کا کم ترین سطح پر آنا معاشی بہتری کے آثار ہیں، مہنگائی کی شرح 39 فیصد سے پہلے 20 فیصد اور اب 17 فیصد پر آگئی ہے، 16 ماہ میں جو محنت کی، نگران حکومت نے اسے جاری رکھا، یہ اسی کے ثمرات ہیں ،مہنگائی میں کمی اولین ہدف ہے۔

ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا ہے کہ  اللہ تعالی کے فضل وکرم سے معاشی سرگرمیوں میں تیزی سے عوام کو مزید ریلیف ملے گا پٹرول کی قیمتوں میں کمی سے بھی عوام کو ریلیف ملے گا،، وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں نیچے آئی ہیں،صوبائی حکومتیں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور اشیائے خورد و نوش کے سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے اقدامات کریں، اللہ تعالی کے فضل وکرم سے اسی سمت میں چلتے رہنے سے عوام کی زندگیوں میں مزید بہتری ہوگی سرتوڑ کوشش کررہے ہیں کہ عوام کو جلد سے جلد زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔