مریم نواز سے متعلق متنازع بیان پر علی امین گنڈا پور کو ایک بار پھر تنقید کا سامنا


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے متعلق ایک بار پھر متنازع بیان دینے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو تنقید کا سامنا ہے، مریم نواز سے متعلق متنازع گفتگو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں ایک صحافی نے علی امین گنڈا پور سے سوال پوچھا کہ وزیراعلی پنجاب نے پنجاب پولیس کی یونیفارم پہنی ہے تو کیا آپ بھی پختونخوا پولیس کی یونیفارم پہنیں گے؟جس پر علی امین گنڈا پور پہلے خاموش رہے اور پھر مسکرائے اور پھر انہوں نے کہا کہ وہ تو اور بھی بہت کچھ کرتی ہوں گی، پھر کل آپ پوچھیں گے کہ آپ بھی وہ کریں گے۔جس پر وزیراعلی خیبرپختونخوا سمیت وہاں موجود صحافی ہنس پڑے۔

یہ پہلی بار نہیں کہ علی امین گنڈا پور نے مریم نواز کو تنقید کا نشانہ بنایا ہو اس قبل بھی وہ کئی بار اپنے متنازع بیانات کی وجہ سے سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے رہے ہیں اور اسی وجہ سے مسلم لیگ(ن)کے رہنماؤں اور سوشل میڈیا صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا۔

قبل ازیں وزیر اعلی خیبرپختونخوا نے وزیراعلی پنجاب پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ مریم نواز پنجاب کی ٹک ٹاکر وزیر اعلی ہیں، ان کی کارکردگی ٹک ٹاک کے لیے ہوتی ہے، مریم نواز عوام کی خدمت کریں ٹک ٹاکر نہ بنیں۔یہی نہیں بلکہ علی امین نے ایک بار تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ مریم نواز نے ہمارے پیسوں پر آٹھ کروڑ کی سرجری کرائی، سرجری اتار کر اصل چہرا قوم کے سامنے لے آؤں گا۔