سینیٹر عرفان صدیقی کو پارلیمانی پارٹی لیڈر بنا کر اپوزیشن کو مثبت پیغام دیا گیا

اسلام آباد(صباح نیوز)سینیٹ کے نو منتخب ڈپٹی چیئرمین سیدال خان ناصر نے کہاہے کہ سینیٹر عرفان صدیقی کو مسلم لیگ(ن)پارلیمانی پارٹی کا لیڈر نامزد کر کے مسلم لیگ (ن)نے حزب اختلاف کو نہایت مثبت پیغام دیا ہے۔ ایوانِ بالا کا مثبت اور با وقار ماحول سیاسی کشیدگی کم کرنے میں نہایت اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ عرفان صدیقی اس سلسلے میں ،دوسری جماعتوں کے تعاون سے کلیدی کردار ادا کریں گے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے یہ بات سینیٹر عرفان صدیقی کے دفتر میں ان سے ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے سینیٹر عرفان صدیقی کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان پر قائد محمد نواز شریف اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے بھرپور اعتماد کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔سینیٹر عرفان صدیقی نے ڈپٹی چیئرمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی کامیابی کے لئے نیک تمناوں کا اظہار کیا ۔