چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن رولز میں ترامیم سے متعلق اہم اجلاس مؤخر

اسلام آباد(صباح نیوز)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن رولز میں ترامیم سے متعلق اہم اجلاس وفاقی وزیر قانون انصاف سینیٹر چوہدری اعظم نذیر تارڑ کی تجویز پر مؤخرکردیا گیا جس میں کہا گیا تھا کہ حکومت آئین کے آرٹیکل 175-Aمیں ترمیم کرنا چاہتی ہے جس کی وجہ سے جوڈیشل کمیشن کی ساخت بھی تبدیل ہوسکتی ہے۔

سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس یحییٰ خان آفرید ی نے تجویز دی کہ حکومت چونکہ آئینی ترمیم متعارف کروانا چاہتی ہے اس لئے مناسب ہو گا کہ ایجنڈے پر بحث کو مئوخر کردیا جائے۔ جسٹس یحییٰ افریدی کی تجویز کے بعد اجلاس مئوخر کردیا گیا۔جبکہ کمیشن نے فیصلہ کیا ہے موجودہ رولز کے تحت اعلیٰ عدلیہ میں ججز کی تعیناتیاں جاری رہنی چاہیں۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن رولز میں ترامیم سے متعلق اجلاس جمعہ کے روزمنعقد ہوا۔

اجلاس میں سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج سید منصور علی شاہ ،جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس امین الدین خان، سپریم کورٹ کے سابق جج منظوراحمد ملک،پانچوں ہائی کورٹس کے چیف جسٹسز، پانچوں ہائی کورٹس کے سینئر ترین ججز، چیف جسٹس وفاقی شرعی عدالت جسٹس اقبال حمید الرحمان، وفاقی شرعی عدالت کے سینئر ترین جج، وفاقی وزیر برائے قانون وانصاف سینیٹر چوہدری اعظم نذیر تارڑ، اٹارنی جنرل آف پاکستان منصور عثمان اعوان، چاروں صوبوں کے وزیر قانون، پاکستان بار کونسل کے سینئر ممبر اخترحسین اہڈووکیٹ، چاروں صوبوں اور اسلام آبادبارکونسل کے ایک، ایک رکن نے اجلاس میں شرکت کی۔

رجسٹرارسپریم کورٹ مس جزیلہ اسلم نے بھی اجلاس میںشرکت کی۔ جوڈیشل کمیشن کے اجلاس کے بعد اجلاس کے منٹس جاری کردیئے گئے۔اجلاس کے آغاز پرکمیشن کے سربراہ نے تمام ارکان کو خوش آمدید کہا۔ سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس کا ایجینڈا جوڈیشل کمیشن رولز میں مجوزہ ترامیم کا جائزہ لینا تھا۔اجلاس کاآغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔

کمیشن کی سیکرٹری رجسٹرار سپریم کورٹ نے اجلاس کاایجنڈا متعارف کروایا جو کہ کمیشن کے مجوزہ رولز تھے جو کہ جسٹس منصورعلی شاہ اور جسٹس (ر)منظوراحمد ملک پر مشتمل کمیٹی کی جانب سے تیارکئے گئے تھے۔ کمیٹی جوڈیشل کمیشن کے 4دسمبر2023کے فیصلے بعد 8دسمبر 2023کو جاری ہونے والے نوٹیفیکیشن کے تحت وجود میں آئی تھی۔ چیئرمین جوڈیشل کمیشن قاضی فائز عیسی ٰنے اجلاس کے ایجنڈا پر روشنی دالی اور تمام اراکین سے مجوزہ تجاویز پر رائے طلب کی۔

وفاقی وزیر قانون نے اجلاس موخر کرنے کی گزارش کرتے ہوئے اجلاس کو بتایا کہ وفاقی حکومت آئین کے آرٹیکل 175-A میں ترمیم پر غور کر رہی ہے ، مجوزہ ترمیم کے ذریعے جوڈیشل کمیشن کی ساخت تبدیل ہو سکتی ہے۔جسٹس یحییٰ آفریدی نے ایجنڈا پر بحث نہ کرنے اور اجلاس ملتوی کرنے کی تجویز دی۔تمام اراکین نے اجلاس ملتوی کرنے پر اتفاق کیا۔اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ ججز کی تقرری کے معاملے پر تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔ ججز کی تقرریاں موجودہ رولز کے تحت کرنے پر اتفاق کیا گیا۔