خیبر پختونخوا حکومت کا پنجاب حکومت کو پھرخط ،بشریٰ بی بی کے طبی معائنے کیلئے اجازت طلب


پشاور(صباح نیوز) خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے طبی معائنے کے لیے پنجاب حکومت سے ایک بار پھر اجازت طلب کی گئی ۔ بشریٰ بی بی کے طبی معائنے کے لئے وزیر صحت خیبرپختونخوا سید قاسم علی شاہ نے پنجاب حکومت کو یاددہانی کا خط ارسال کردیا ہے، جس میں سابق خاتون اول کے طبی معائنے کی غرض سے میڈیکل ٹیم کیلئے اجازت مانگی گئی ۔

بشریٰ بی بی کے طبی معائنے کے حوالے سے وزیر صحت خیبرپختونخوا سید قاسم علی شاہ کی جانب سے حکومت پنجاب کو ایک بار پھر یاددہانی کے لئے بھیجے گئے خط میں کہا گیا کہ 3 اپریل کو لکھے گئے خط کا ابھی تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔خط کے متن میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی بھی بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے کئی بار تحفظات کا اظہار کرچکے ہیں۔بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے ہمیں بھی شدید تحفظات ہیں۔ حکومت خیبرپختونخوا کی جانب سے طبی ماہرین پر مشتمل ٹیم کو بشری بی بی کے طبی معائنے کی اجازت دی جائے۔  وزیر صحت خیبرپختونخوا کی جانب سے بھیجے گئے خط کے مطابق بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں پر حکومت پنجاب سے رابطہ کیا تھا، ہم نے پہلے بھی بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے چیف سیکرٹری پنجاب کے نام خط لکھا تھا۔ خط میں وزیر صحت نے سابق وزیر اعظم کی اہلیہ بشری بی بی کی صحت کے بارے میں تحفظات کا اظہار بھی کیا تھا۔صوبائی وزیر صحت نے خط میں لکھا کہ میرے دفتر سے جاری ہونے والے خط میں بشریٰ بی بی کو زہریلی خوراک سے متعلق خبروں پر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔ہم نے خط میں خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے ڈاکٹروں پر مشتمل پینل کی بشریٰ بی بی کے طبی معائنے کی درخواست کی تھی ۔ہم چاہتے ہیں حکومت خیبرپختونخوا کے ڈاکٹروں پر مشتمل پینل بشری بی بی کا تفصیلی معائنہ کرے۔ پچھلے خط کے متن کے مطابق طبی معائنہ اور صحت کی خدمات تک رسائی ہر انسان کا بنیادی آئینی حق ہے۔