دہشتگردی اور سمگلنگ کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی ، بزدلانہ کارروائیاں ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں،شہباز شریف


 اسلام آباد(صباح نیوز)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشتگردی اور سمگلنگ کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی ، اس طرح کی بزدلانہ کارروائیاں حکومت کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں،وزیرِ اعظم نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں کسٹمز حکام کی گاڑی پر حملے کی شدید مذمت کی ہے ۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے واقعہ میں شہید ہونے والے کسٹمز اہلکاروں کے درجات کی بلندی اور ان کے اہلِ خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔ وزیراعظم نے چیئر مین فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو واقعہ میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے خاندان کے لئے شہدا پیکج تیار کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ شہدا کے خاندان کی ذمہ داری اب حکومت کی ہے،اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران وطن پر اپنی جان نچھاور کرنے والے شہدا اپنے رب کے ہاں زندہ ہیں ، دہشتگردی اور سمگلنگ کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی ، اس طرح کی بزدلانہ کارروائیاں حکومت کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔