لاہور(صباح نیوز)سابق سپیکر قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ سانحہ 9 مئی کی جوڈیشل تحقیقات کرائی جائیں، بانی پی ٹی آئی اور ان کے ساتھیوں کو رہا کیا جائے۔
لاہور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ اس وقت ملک کے آئین کے ساتھ کھلواڑ ہو رہا ہے، عدالتوں پر بہت دباؤ ہے، ضرورت ہے کہ وکلا اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کا بدترین دور ہے، عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا ، آپ لوگوں نے فیصلہ کرنا ہے کہ کیا بھیڑ بکریوں کی طرح زندگی گزارنی ہے۔
اسد قیصر نے کہا کہ یہ عملًا پولیس سٹیٹ ہے، ایسے یہ ملک نہیں چلے گا، تحریک انصاف محبت کی جماعت ہے، ہم اس جبر اور ظلم کے خلاف آواز اٹھائیں گے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کے ساتھیوں کو رہا کیا جائے، ہمارا مطالبہ ہے کہ 9 مئی کی جوڈیشل تحقیقات کرائی جائیں۔انہوںنے کہا کہ تمام اداروں کو آئین کے تحت دائرہ اختیار میں رہنا چاہیے، ملک میں جنگل کا قانون ہے۔