پرائم منسٹر یوتھ پروگرام اور یونیسیف کے درمیان اظہار دلچسپی کی دستاویز(لیٹر آف اینٹینٹ) پر دستخط

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف سے یونیسیف کے وفد نے پاکستان میں یونیسیف کے نمائندے عبداللہ اے فاضل کی سربراہی میں اسلام آباد میں ملاقات کی۔  ملاقات میں پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چئیر مین رانا مشہود بھی شریک تھے۔

وفد نے وزیراعظم کو پی ایم یوتھ پروگرام اور یونیسیف کے درمیان پاکستان میں نوجوانوں کی صلاحیت اور استعداد میں اضافے کے حوالے سے اشتراک سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے یونیسیف کے پاکستان سمیت دنیا بھر کے بچوں کی فلاح و بہبود کے لئے اٹھائے جا رہے اقدامات کو سراہا۔بعد ازاں وزیراعظم نے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام اور یونیسیف کے درمیان کے اقوام متحدہ کے جینریشن ان لمیٹیڈ(جین یو GenU) پروگرام کے حوالے سے اظہار دلچسپی کی دستاویز (لیٹر آف اینٹینٹ) پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔

دستاویز پر پی ایم یوتھ پروگرام کے چئیر مین رانا مشہود اور یونیسیف کے پاکستان میں نمائندے عبداللہ اے فاضل نے وزیراعظم کی موجودگی میں دستخط کئیے۔جنریشن ان لیمیٹیڈ (GenU) سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کی جانب سے 2018 میں شروع کیا گیا۔جس  کا مقصد نوجوان کو تعلیم ، تکنیکی تربیت اور اینٹرپرئینیور شپ کے ذریعے باصلاحیت بنانا اور ابتدائی تعلیم اور تربیت کے حوالے سے کام کرنا ہے۔

جین یو  پاکستان میں اپنے مکمل آپریشنز شروع کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ جس میں نوجوانوں سے متعلق منصوبوں میں 20 ملین کی ابتدائی سرمایہ کاری بھی شامل ہے۔ اس دستاویز پر دستخط سے نوجوانوں کو تعلیم و تربیت کے یکساں مواقع فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔ جین یو اور پی ایم یوتھ پروگرام اس حوالے سے آپریشنل اسٹریٹجک فریم ورک پر مل کر کام کریں گے ۔