ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور سینیٹر دنیش کمار کی پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات

اسلام آباد(صبا ح نیوز) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور سینیٹر دنیش کمار نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔

وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور سینیٹر دنیش کمار نے سیدال خان ناصر کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے پر مبارکباددی اور نیک تمناوں کا اظہار بھی کیا۔ ملاقات کے دوران شرکا نے صوبہ بلوچستان  میں درپیش مسائل کے حل اور صوبے کی مجموعی سماجی و اقتصادی صورتحال پر گفتگو کی۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی کی بطور وزیراعلی بلوچستان خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی قیادت میں شروع کیے گئے مثالی ترقیاتی منصوبوں کو سراہا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصرنے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو ترقیاتی عمل میں شامل کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے بلوچستان کی ترقی کے لیے اجتماعی ذمہ داری اور سیاسی قوتوں کے درمیان اتحاد کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ بیروزگاری اور غربت کے خاتمے کے لیے جامع منصوبہ بندی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ملاقات میں صوبہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور خطے میں سماجی و اقتصادی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مربوط کوششوں کی اہمیت پر زور دیا گیا