پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس، سینیٹر عرفان صدیقی اور آصفہ بھٹو کی ملاقات، بلاول بھٹونے آصفہ بھٹو سے سینیٹر عرفان صدیقی کا تعارف کرایا

اسلام آباد(صباح نیوز)پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس اور صدر آصف علی زرداری کے خطاب کے موقع پر پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی سے نومنتخب رکن قومی اسمبلی اور صدر مملکت آصف علی زرداری کی چھوٹی صاحبزادی محترمہ آصفہ بھٹو نے ملاقات کی ۔

اس موقع پر پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی موجود تھے۔ سینیٹر عرفان صدیقی کو مشرقی انداز میں سرجھکا کر آصفہ بھٹو نے سلام کیا جس پر سینیٹر عرفان صدیقی نے شفقت سے اپنا ہاتھ ان کے سر پر رکھ کر وعلیکم السلام کہا اور دعا دی۔سینیٹر صدیقی نے آصفہ بھٹو کو بلا مقابلہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے پر مبارک بھی دی۔

سینیٹر عرفان صدیقی نے آصفہ بھٹو سے کہاکہ اس ایوان میں ہم آپ کی والدہ محترمہ بے نظیر بھٹو کو دیکھا کرتے تھے۔ آپ کے آنے سے ہمیں ان کی یاد آجاتی ہے۔ بیٹا میری آپ کے لئے دعا ہے کہ اللہ تعالی آپ کو بہت کامیابیاں اور کامرانیاں عطا فرمائے۔

بلاول بھٹو زرداری نے آصفہ بھٹو کا سینیٹر عرفان صدیقی سے تعارف کرایا اور کہا کہ سینیٹر عرفان صدیقی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی راہنما اورپارٹی قائد محمد نوازشریف کے قریبی ساتھی ہیں۔ وہ ایک دانشور، لکھاری اور سینٹ کے ایک نہایت محترم رکن ہیں۔ ہم ان کا بہت احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے عام انتخابات کے لئے مسلم لیگ (ن) کا منشور بھی تیار کیا تھا۔ آصفہ بھٹو نے مبارکباد پر سینیٹر عرفان صدیقی کا شکریہ ادا کیا۔۔