مہنگائی کے دبا ؤمیں کمی آئی ،زرمبادلہ ذخائر مضبوط اور شرح تبادلہ مستحکم، روپے کی قدر مزید گرنے کا امکان نہیں،وزیر خزانہ


 واشنگٹن(صباح نیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف مشن کا دورہ پاکستان مئی میں متوقع ہے ، آئی ایم ایف سے مذاکرات میں روپے کی قدر مزیدگرنے کا امکان نہیں، مہنگائی کے دباؤ میں کمی آئی،زرمبادلہ ذخائر مضبوط اور شرح مبادلہ مستحکم ہے جبکہ تجارتی خسارہ میں کمی آرہی ہے،ترسیلات زر اوربرآمدات میں اضافہ ہورہا ہے، حکومت ملک میں پائیدار اقتصادی ترقی اور نمو کے لیے اصلاحات کے پروگرام میں پرعزم ہے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور بلوم برگ حکام درمیان راؤنڈ ٹیبل اجلاس ہوا جس میں پاکستان کی معیشت سمیت دیگر امور پر بات کی گئی۔ اس دوران وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کے زرمبادلہ ذخائرمضبوط اور شرح تبادلہ مستحکم ہیں، آنے والے برسوں میں معاشی شرح نمو 4 فیصد سے تجاوز کرجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف مشن کا دورہ پاکستان مئی میں متوقع ہے، آئی ایم ایف سے مذاکرات میں روپے کی قدر مزیدگرنے کا امکان نہیں ہے، روپے کی قدرمیں مزید کمی کی کوئی وجہ نظرنہیں آتی، روپے کی قدر میں سالانہ روایتی 6 سے8 فیصد سیزیادہ کمی کا کوئی جواز نہیں۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھاکہ ترسیلات زر اوربرآمدات میں اضافہ ہورہا ہے۔دریں اثناء واشنگٹن ڈی سی میں پاکستان کی اقتصادی پالیسی آؤٹ لک پر جے پی مورگن سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت ملک میں پائیدار اقتصادی ترقی اور نمو کے لیے اصلاحات کے پروگرام میں پرعزم ہے۔انہوں نے ٹیکسیشن، توانائی اور نجکاری کے تین اہم اصلاحاتی شعبوں کا خاکہ بھی پیش کیا۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ رواں سال زرعی شعبے نے مضبوط کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، ترسیلات زر سمیت معیشت کے اہم اشاریے بہتر کارکردگی کی عکاسی کر رہے ہیں۔وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ ایک وسیع تر توسیعی پروگرام میں شامل ہونے کے لیے پرعزم ہے۔