اسلام آباد(صباح نیوز) ملک میں نئی حکومت کے پہلے ہی ماہ بھارت سے سالانہ بنیاد پر درآمدات میں بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
وزارت تجارت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مارچ 2024میں بھارت سے سالانہ بنیادوں پر درآمدات 48فیصد بڑھیں، گزشتہ ماہ بھارت سے درآمدات کا حجم 2کروڑ 73لاکھ ڈالر رکارڈ کیا گیا جو مارچ 2023ایک کروڑ 85 لاکھ ڈالر تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سال جنوری اورگزشتہ سال فروری، مئی میں بھی بھارت سے درآمدات بڑھی تھیں لیکن نگران حکومت نے بھارت میں ٹریڈ آفیسر کی تعیناتی کا عمل بھی روک دیا تھا۔
حکام کے مطابق پاکستان نے اگست 2019 میں بھارت کیساتھ تجارت معطل کردی تھی تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ بعد میں پاکستان نے بھارت کے ساتھ تجارت میں نرمی کردی تھی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان نے بھارت کیساتھ زندگی بچانے والی ادویات کی تجارت کرنے کی اجازت دی تھی۔