لاہور (صباح نیوز)سربراہ مسلم لیگ (ن) سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ سیاحتی مقامات بدانتظامی کی تصویر بنے ہوئے ہیں، مری کنکریٹ کا جنگل بن چکا ہے، تاریخی عمارتوں کا قدیمی حسن تباہ کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق نواشریف نے اپنی صاحبزادی وزیراعلی مریم نواز کے ہمراہ حکومتِ پنجاب کے انتظامی اجلاس کی صدارت کی۔مریم نواز اور نواز شریف کی زیر صدارت ضلع مری کے مسائل، ضروریات اور ڈویلپمنٹ پروجیکٹس کے حوالے سے خصوصی اجلاس ہوا، اجلاس میں مری کے مسائل، ضروریات اور ڈویلپمنٹ پروجیکٹس پر بریفننگ دی گئی۔اجلاس میں مری میں اسٹیٹ آف آرٹ ہسپتال بنانے کے لیے سائٹ اور مری میں انٹری ہونے والی گاڑیوں کو پرمٹ کارڈ ایشو کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس نے مری کے لیے دریا جہلم سے پانی لانے کے لیے واٹر سپلائی اسکیم کی اصولی منظوری دی۔قائد محمد نواز شریف نے کہا کہ مری کنکریٹ کا جنگل بن چکا ہے، تعمراتی معیار مدنظر نہیں رکھا گیا، لینڈ سلائیڈنگ پوائنٹس پر ہوٹلوں، عمارتوں کی تعمیر خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں پیسے کمانا مقصد رہا، تاریخی عمارتوں کا قدیمی حسن تباہ کر دیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ سیاحتی مقامات بدانتظامی کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔