غزہ (صباح نیوز) غزہ کے شہر رفح میں گھروں پر رات گئے ہوائی فائرنگ اور بمباری کے نتیجے میں کم از کم 3 بچوں سمیت8 افراد شہید ہو گئے، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 69سے زائد فلسطینیوں نے جام شہادت نوش کیا۔
فلسطینی خبررساں ا دارے کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے غزہ کے علاقے دیر البلاح میں رات بھر فائرنگ اور توپ خانے سے بمباری کی، جس کے نتیجے میں 3 بچوں سمیت 8 فلسطینی شہید ہوگئے۔ دوسری جانب خان یونس میں اسرائیلی نے فضائی حملے کرکے متعدد گھروں کو نشانہ بنایا جس سے کم از کم 5 فلسطینی شہید اور 10 زخمی ہوگئے۔ اس کے ساتھ ہی اسرائیلی توپ خانے کے ذریعے غزہ کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا گیا جن میں شیخ عجلین، تل الحوا اور الزیتون شامل ہیں، جس سے متعدد افراد زخمی ہوئے، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل تھے۔
اسرائیل فورسزنے مشین گنوں اور میزائل سے بمباری کرکے رفح اور خان یونس شہروں کے علاقے میں بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کے خیموں کو نشانہ بنایا۔
علاوہ ازیں عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس گیبریئس نے کہا ہے کہ شفاء ہسپتال کی تباہی کے بعد وہاں سے مزید طبی انخلا کی ضرورت ہے، ہسپتال سے مریضوں کو نہ نکالا گیا تو مزید اموات ہو جائیں گی۔
دوسری جانب حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی پر معاہدے کیلئے ہم اپنے مطالبات پر قائم ہیں۔ 7اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 32 ہزار 975 فلسطینی شہید اور 75 ہزار577 زخمی ہو چکے ہیں۔