اسلام آباد(صباح نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری سے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے ملاقات کی۔چیف آف آرمی اسٹاف نے صدر مملکت کو پاکستان کے صدر اور مسلح افواج کے کمانڈر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور صدر مملکت کی کامیاب مدت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ایوان صدر سے جاری تفصیلات کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف نے صدر مملکت کو دہشت گردی کے خلاف جاری فوجی آپریشنز سے آگاہ کیا اور روایتی خطرات کے خلاف آپریشنل تیاریوں پر بھی روشنی ڈالی۔ چیف آف آرمی اسٹاف نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے علاقوں سمیت ترقیاتی منصوبوں میں فوج کے کردار کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
صدر مملکت نے پاکستان کی مسلح افواج کے مثالی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریاست کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ میں فوج کی خدمات کلیدی حیثیت کی حامل رہی ہیں۔صدر مملکت کا قومی طاقت کے تمام عناصر کے ذریعے دہشت گردی کا بھرپور جواب دینے کے قومی عزم کا اظہار کیا۔آصف زرداری نے ایک مخصوص سیاسی جماعت اور اس کے چند افراد کی جانب سے ادارے اور اسکی قیادت کے خلاف محدود سیاسی مفادات کے حصول کیلئے لگائے گئے بے بنیاد اور بلاجواز الزامات پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور رخنہ ڈالنے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا عزم کیا۔
صدر مملکت نے قوم کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کا خون ہمیشہ پاکستانی قوم کی استقامت اور طاقت کی علامت رہے گا، صدر مملکت نے شہدا اور ان کے خاندانوں کی قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے شہدا اور ان کے خاندانوں کی عزت و تکریم کیلئے قوم کے غیر متزلزل عزم کا بھی اعادہ کیا،ملاقات میں پاکستان میں امن، سلامتی اور ترقی کی اقدار برقرار رکھنے کیلئے یکجہتی اور عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔۔