پشاور ہائی کورٹ ، مخصوص نشستوں پر حلف نہ لینے پر سپیکر وڈپٹی سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کو نوٹس ،جواب طلب


پشاور(صباح نیوز)پشاور ہائی کورٹ نے مخصوص نشستوں پر اراکین اسمبلی سے حلف نہ لینے پر توہین عدالت کیس میں سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی اور ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر ارکان سے حلف نہ لینے کے حوالے سے توہین عدالت کی درخواست پر پشاور ہائی کورٹ میں جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس سید ارشد علی پر مشتمل 2رکنی بینچ نے سماعت کی۔

دورانِ سماعت درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ عدالت نے مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین سے حلف لینے کا حکم دیا تھا، اس کے باوجود اراکین سے حلف نہیں لیا گیا۔انہوں نے موقف اپنایا کہ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر نے عدالت احکامات کی خلاف ورزی کی ہے جس پر سپیکر اور ڈپٹی سپیکر صوبائی اسمبلی کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔

عدالت نے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر صوبائی اسمبلی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا۔