پشاور(صباح نیوز) الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں اپوزیشن کی درخواست پر سینیٹ انتخابات ملتوی کردیئے، نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق اپوزیشن اراکین نے انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست دائر کی تھی جس کو منظور کرتے ہوئے انتخابات ملتوی کیے گئے ہیں۔ صوبائی الیکشن کمشنرنے انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان کیا، الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ مخصوص نشستوں پر منتخب ایم پی اے کے حلف اور اسے ووٹر لسٹ میں شامل کرنے تک الیکشن نہیں ہوسکتا۔ترجمان صوبائی الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پشاور ہائی کورٹ اور الیکشن کمشن کا فیصلہ واضح ہے اس پر عمل کریں گے۔
اس سے قبل اپوزیشن اراکین نے خیبر پختونخوا اسمبلی میں سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے کے لیے درخواست جمع کرائی تھی۔اپوزیشن کے احمد کریم کنڈی نے صوبائی الیکشن کمشنر کو درخواست دی تھی۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ہمارے 25 ارکان سے ابھی تک حلف نہیں لیا گیا۔
درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ سینیٹ الیکشن ملتوی کیا جائے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ صوبائی الیکشن کمشنر نے اپوزیشن کی درخواست پر چیف الیکشن کمشنر سے رابطہ کیا تھا۔ الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی میں سینیٹ انتخابات کے لیے نتظامات مکمل تھے، جبکہ الیکشن کمیشن کا عملہ بھی وہاں موجود تھا۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی مواد خیر پختونخوا اسمبلی میں قائم پولنگ اسٹیشن پہنچایا گیا تھا جبکہ سینیٹ انتخابات میں پریزائیڈنگ افسر کے فرائض انجام دینے والے صوبائی الیکشن کمشنر شمشاد خان بھی صوبائی اسمبلی میں موجود تھے۔