اسرائیلی فوج کا الشفا ہسپتال سے انخلا، درجنوں لاشیں ملیں، ا لاقصیٰ ہسپتال پربمباری ، 4 فلسطینی شہید


غزہ(صباح نیوز) اسرائیلی افواج کا الشفا ہسپتال میں جاری آپریشن مکمل ہونے کے بعد انخلا کا عمل شروع ہوگیا،اسرائیلی فوج نے الشفا ہسپتال سے انخلا کی تصدیق کردی، وزارت صحت نے کہا ہے کہ پیر کو کمپلیکس سے درجنوں لاشیں ملی ہیں ۔ عالمی ادارہ صحت(ڈبلیو ایچ او)کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وسطی غزہ میں الاقصیٰ ہسپتال پر اسرائیلی جنگی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں 4 فلسطینی شہید ہوگئے۔ اسرائیلی افواج کا الشفا ہسپتال میں جاری آپریشن مکمل ہونے کے بعد انخلا کا عمل شروع ہوگیا جس کے بعد ہسپتال میں بحالی کا کام شروع کردیا گیا ہے۔

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی افواج نے الشفا ہسپتال سے انخلا کی تصدیق کر دی ہے۔ اسرائیلی فوج کے جاری کردہ بیان کے مطابق الشفا ہسپتال میں جاری اسرائیلی فوج کا آپریشن مکمل ہوگیا ہے۔

عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ غزہ حکام کا کہنا ہے کہ الشفا ہسپتال سے اسرائیلی فوج کے انخلا کے بعد ہسپتال میں بحالی کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق ہسپتال کے اندر موجود کمپلیکس، طبی مشینری مکمل تباہ ہوچکی ہیں جبکہ ہسپتال کے قریب گلیوں میں لاشیں بکھری ہوئی ہیں۔

واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے الشفا ہسپتال کے 13 روزہ محاصرے کے دوران 400 سے زیادہ فلسطینیوں کو شہید کر دیا ہے جبکہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق اس محاصرے کے دوران 21 مریض شہید ہوچکے ہیں۔ اسرائیل کے غزہ پر 7 اکتوبر سے جاری حملوں میں 32 ہزار 782 فلسطینی شہید اور 75 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔