ملک کے مختلف شہروں میں تیز آندھی اورموسلادھار بارش ، چھتیں گرنے سے7افراد جاں بحق ،9زخمی


 اسلام آباد  (صباح نیوز) ملک کے مختلف شہروں میں تیزآندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی ، چھتیں گرنے سے 7افرادجاں بحق اور 9 زخمی ہوگئے،اپرکوہستان میں شدید بارشوں کے باعث داسو کے قریب دوگاہ کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم بند ہوگئی ،بارش کے پانی سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی،ژالہ باری سے فصلوں کو نقصان پہنچا۔

ریسکیو حکام کے مطابق پشاور،ملاکنڈ، ایبٹ آباد، خیبر، دیر بالا، مردان، بنوں، وانا اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت خیبرپختونخوا میں بھی بارش اور ژالہ باری ہوئی جس سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔ادھر پشاور کے ورسک روڈ شدید بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے تین افراد زخمی ہو گئے۔ بنوں کے معاویہ گائوں میں بارش نے تباہی مچا دی، مکان کی چھت گر نے سے 3 بچے ملبے تلے دب کر چل بسے جبکہ ایک بچہ شدیدزخمی ہوگیا۔

ریسکیوحکام کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیوٹیمیں جائے وقوعہ پرپہنچ گئیں اورامدادی کارروائیاں کرتے ہوئے لاشوں اورزخمی کوہسپتال منتقل کردیاگیا۔دوسراواقعہ ضلع باجوڑکے علاقہ خڑیان ناوگئی میں پیش آیا،جہاں مسلسل بارش کی وجہ سے مکان کی چھت گرگئی جس میں ایک ہی خاندان کے 4افرادملبے تلے دب گئے، چھت گرنے کے واقعہ میں ماں اوربیٹی موقع پرہی جاں بحق ہوگئیں جبکہ باپ اوربیٹازخمی ہوگئے۔ریسکیوذرائع کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اورریسکیوٹیمیں جائے وقوعہ پرپہنچ گئیں ،حادثے میں جاں بحق ہونیوالوں اورزخمیوں کوہسپتال منتقل کردیاگیا۔

ریسکیوحکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونیوالوں کی شناخت حبیبہ بی بی اورفریال کے نا م سے ہوئی جبکہ زخمیوں میں محمدادریس اورمعاویہ شامل ہے۔ریسکیو 1122شانگلہ کے مطابق تحصیل الپوری لیلونی بانڈہ چینہ کے مقام پر اعتبار خان نامی شخص کے گھر کا ایک کمرہ تیز بارش کی وجہ سے گر گیا، جس میں ملبے تلے دب کر 2افراد جاں بحق اور ایک بچی زخمی ہوئی، جسے طبی امداد کے لئے ہسپتا ل منتقل کردیا گیا ۔ جاں بحق اور زخمیوں میں عرفان اللہ ولد اعتبار خان عمر 14 سال، مسمات (ر)دختر اعتبار خان عمر 16 سال جبکہ زخمیوں میں مسمات(ر)دختر اعتبار خان عمر 12 سال شامل ہیں۔خیبرپختونخوا میں بارشوں سے ہونیوالے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی گئی ۔

ڈائریکٹر جنرل ریسکیو ڈاکٹر خطیر احمد کے مطابق خیبرپختونخوا میں گزشتہ روز ہونیوالی بارش کے باعث 7 افراد جان کی بازی ہارگئے جبکہ 9 افراد زخمی ہوئے ہیں، مختلف حادثات میں جاں بحق ہونے والے 4 افراد کی عمریں 10 سال سے کم ہیں۔چھتیں گرنے کے واقعات پشاور، نوشہرہ، شانگلہ، بنوں اور باجوڑ میں پیش آئے، مختلف اضلاع میں کچی چھتیں و دیواریں گرنے سے جزوی نقصانات بھی ہوئے ہیں۔ڈائریکٹر جنرل ریسکیو کے مطابق میڈیکل و ڈیزاسٹر ٹیموں ریسکیو آپریشنز میں حصہ لیا، ریسکیو کے تمام کنٹرول روم مکمل فعال ہیں۔اپرکوہستان میں شدید بارشوں کے باعث داسو کے قریب دوگاہ کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم بند ہوگئی۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں غیر ضروری سفر سے اجتناب کی ہدایت کرتے ہوئے دیامراور کوہستان کے پہاڑی علاقوں، شاہراہ قراقرم پر مزید لینڈ سلائیدنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔اسلام آباد ،لاہور، پاکپتن اور وہاڑی سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں رات بھر بارش ہوئی جبکہ ملتان کے مضافات اور خانپور میں ژالہ باری سے بجلی کی فراہمی متاثر ہوگئی ،فصلیں متاثرہوئیں ۔پنجاب میں رات گئے گرج چمک کے ساتھ کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی، صوبائی دارالحکومت لاہور میں شملہ پہاڑی، لکشمی چوک، گوالمنڈی، قرطبہ چوک، ڈیوس روڈ، مال روڈ، اچھرہ، قینچی، چونگی امر سدھو، گجومتہ، اسلامپورہ، بند روڈ، انار کلی، شالامار باغ، ماڈل ٹائون، گلبرگ، گارڈن ٹائون سمیت دیگر مقامات پر بادل برسے۔مریدکے، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، صفدر آباد، جڑانوالہ، فیصل آباد، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، کامونکی، اوکاڑہ، جھنگ، بہاولپور، رینالہ خورد، کوٹ ادو، بھلوال، کبیروالا، حافظ آباد، منچن آباد، شورکوٹ سمیت پنجاب کے دیگر علاقوں میں بھی بادل برس پڑے، رحیم یار خان شہر اور گرد و نواح میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی۔

پنجاب بھر میں بارش کے باعث گرمی کا زور ٹوٹنے سے موسم خوش گوار ہو گیا، موسم ٹھنڈا ہونے کی وجہ سے روزہ داروں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے، بعض مقامات پر بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا، بارش کی وجہ سے گندم،چنا ،سرسوں کی فصلوں کو بھی نقصان پہنچا۔مغربی ہوائوں کی وجہ سے بلوچستان میں کوئٹہ، بارکھان، لورالائی، ژوب، نوشکی، مستونگ اور ہرنائی سمیت مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی، سبی اور گردونواح میں بارش کے ساتھ ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی، بارش کے باعث موسم انتہائی یخ بستہ ہو گیا۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں گزشتہ شب بارش اور برفباری ہوتی رہی۔