وزیراعظم شہبازشریف کو امریکی صدر جو بائیڈن کا تہنیتی خط

اسلام آباد (صباح نیوز)وزیراعظم شہبازشریف کو امریکی صدر جو بائیڈن کا  تہنیتی خط موصول ہوگیا ۔وزیراعظم شہباز شریف کے منصب سنبھالنے کے بعد امریکی صدر کا یہ پہلا خط ہے ۔ امریکی صدر نے  نومنتخب حکومت کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے ۔

ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق امریکی صدر نے کہا ہے کہ  دونوں ممالک کے عوام کے درمیان شراکت داری دنیا اور ہمارے عوام کی سلامتی یقینی بنانے میں نہایت اہم ہے ، دنیا اور خطے کو درپیش وقت کے اہم ترین چیلنجز کا سامنا کرنے میں امریکہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا ،

امریکی صدر کے خط کے مندرجات میں مزید کہا گیا ہے کہ صحت عامہ کا تحفظ، معاشی ترقی اور سب کے لئے تعلیم مشترکہ وژن ہے جسے مل کر فروغ دیتے رہیں گے ، امریکہ پاکستان گرین الائنس فریم ورک سے ماحولیاتی بہتری کے لئے ہم اپنے اتحاد کو مزید مضبوط کریں گے،  پائیدار زرعی ترقی، آبی انتظام اور 2022 کے سیلاب کے تباہ کن اثرات سے بحالی میں پاکستان کی معاونت جاری رکھیں گے،

پاکستان کے ساتھ مل کرانسانی حقوق کے تحفظ اور ترقی کے فروغ کے لئے پرعزم ہیں۔ امریکی صدر کے وزیراعظم شہبازشریف کو خط میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں اقوام کے درمیان استوارمضبوط پارٹنرشپ کو تقویت دیں گے ، دونوں ممالک کے عوام کے درمیان استوار قریبی رشتے مزید مضبوط بنائیں گے۔