کراچی،ایف آئی اے کی کارروائی ،غیر قانونی کرنسی برآمد ، 2 ملزم گرفتار

کراچی (صباح نیوز) کراچی میں ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث 2 ملزم گرفتار کرلئے ۔ ملزمان سے کروڑوں مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کر لی گئی،گرفتار ملزمان میں محمد ریاض اور فیض اللہ شامل ہیں۔ ملزمان کو کراچی کے علاقے بہادرآباد سے گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان حوالہ ہنڈی اور کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث تھے۔ ملزمان بغیر لائسنس غیر ملکی کرنسی ایکسچینج میں بھی ملوث تھے،چھاپے کے دوران ملزم سے 17690 امریکی ڈالر، 800 کینیڈین ڈالر، 560 برطانوی پائونڈ، 900 سعودی ریال، 560 چائینیز یوآن اور 21 لاکھ 61 ہزار سے زائد پاکستانی روپے اور موبائل فونز اور ہنڈی حوالہ سے متعلق ریکارڈ بھی برآمد کر لیا گیا ۔ ملزمان برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکے۔ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ۔