یوم پاکستان: ملک کے لیے نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو اعزازات سے نوازا گیا

اسلام آباد(صباح نیوز)یوم پاکستان کے موقع پر ایوان صدر میں خصوصی تقریب ہوئی جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات میں اعلی ترین سول اعزازات تقسیم کیے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے سیاسی میدان میں نمایاں خدمات کی انجام دہی پر سینیئر سیاستدان راجہ ظفر الحق، سابق نگراں وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر، سابق وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ کو نشان امتیاز عطا کیا ہے۔اس کے علاوہ ایئر مارشل (ر) نجیب اختر جبکہ نیوکلیئر سائنس کے شعبے میں خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے حفیظ قریشی مرحوم کو بھی نشان امتیاز کیا، جو ان کی بیوہ فریدہ حفیظ نے وصول کیا۔

اس کے علاوہ صدر مملکت نے نمایاں خدمات پر سابق انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب مشتاق احمد سکھیرا کو ہلال شجاعت عطا کیا۔ جبکہ ہاکی کے شعبے میں خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے صلاح الدین صدیقی، ادب اور شاعری کے شعبے میں خدمات پر افتخار حسین عارف کو نشان امتیاز عطا کیا۔آصف علی زرداری نے ادب کے شعبے میں نمایاں خدمات پر معروف شاعر پروفیسر انور مسعود کو ہلال امتیاز سے نوازا جو انہوں نے خود وصول کیا۔صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان نے بریگیڈیئر سرفراز علی(مرحوم) کو ہلال امتیاز عطا کیا جو ان کی بیٹی عائشہ عدنان نے وصول کیا۔

اس کے علاوہ سابق چیف سیکریٹری پنجاب ناصر کھوسہ کو بھی ہلال امتیاز عطا کیا گیا ہے۔سماجی خدمات کے شعبے میں خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے اخوت کے بانی ڈاکٹر امجد ثاقب کو بھی ہلال امتیاز عطا کیا گیا ہے، اس کے علاوہ سابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور عبدالشکور (مرحوم) کو بعد از وفات ہلال امتیاز سے نوازا گیا، ان کا اعزاز مرحوم کے صاحبزادے نے وصول کیا۔اس کے علاوہ سابق بیوروکریٹ و سابق نگراں وزیر حکومت فواد حسن فواد، سابق وفاقی سیکریٹری قانون راجا نعیم اختر، کیپٹن (ر) زاہد سعید، سبطین فضل حلیم، زاہد اختر زمان کو بھی ہلال امتیاز دیا گیا ہے۔

سابق گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ، سابق معاون خصوصی وزیراعظم طارق فاطمی، لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد اکرم خان، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن ڈاکٹر محمد جہانزیب، طارق محمود پاشا، جاوید اسلم، احمد عرفان اسلم بھی ہلال امتیاز وصول کرنے والوں میں شامل ہیں۔اس کے علاوہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے صدر محمد احمد شاہ، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، فیشن ڈیزائنر محمود احمد طاہر بھٹی، بریگیڈیئر عاطف رفیق، شاہد خان، راحت علی خان، پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد کو بھی ہلال امتیاز عطا کیا گیا ہے۔ صدر نے سائنس کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے پر پروفیسر ڈاکٹر شاہد محمود بیگ، پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان، پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر، پروفیسر ڈاکٹر عادل نجم، صحافی زاہد ملک (مرحوم)، بلال صدیق کمیانہ، تنویر احمد کو بھی ہلال امتیاز عطا کیا۔آصف زرداری نے معروف اینکرپرسن سہیل وڑائچ کو شعبہ صحافت میں نمایاں خدمات پر صدارتی اعزاز برائے حسنِ کارکردگی سے نوازا۔آصف زرداری نے ڈائریکٹر جنرل قطر فنڈ برائے ترقی خلفیہ جاسم الکواری، سعودی ترقیاتی فنڈ (ایس ایف ڈی) کے چیف ایگزیکیٹو افسر سلطان بن عبدالرحمن المرشد، ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر یونگ یی کو ہلال قائداعظم کا اعزاز عطا کیا

صدر مملکت نے یو ایس ایڈ کی ایڈمنسٹریٹر سمانتھا پاور کو ہلالِ قائداعظم ایوارڈ سے نوازا

صدر مملکت آصف علی زرداری نے 23 مارچ 2024 کو یوم پاکستان کے پرمسرت موقع پر یو ایس ایڈ کی ایڈمنسٹریٹر سمانتھا پاور کو پاکستان میں 2022 کے تباہ کن سیلاب کے دوران انکی خدمت پر ہلالِ قائداعظم ایوارڈ سے نوازا۔یہ اعزاز امریکہ اور پاکستان کے درمیان گہری شراکت داری اور ترقی میں تعاون کے لیے ان کے مشترکہ عزم کی علامت ہے۔ یو ایس ایڈ کی جانب سے ہفتہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق سمانتھا پاور کی جانب سے پاکستان میں یو ایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹر کیٹ سوم وونگسری نے ایوارڈ وصول کیا۔ اپنے ایک ویڈیو پیغام میں سمانتھا پاور نے حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے یو ایس ایڈ کے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے کے عزم کا اعادہ کیا اور دونوں ممالک کے درمیان پائیدار شراکت کو تسلیم کرنے پر پاکستانی عوام کا شکریہ بھی ادا کیا۔2022 کے سیلاب کے دوران امریکا، یو ایس ایڈ کے توسط سے امدادی کارروائیوں میں پیش پیش رہا۔امریکہ نے اس مد میں مجموعی طور پر 215 ملین ڈالر سے زیادہ کی امداد فراہم کی۔ جس میں امریکی شہریوں اور کمپنیوں کی جانب سے 37 ملین ڈالر سے زیادہ کی امداد بھی شامل ہے۔ اس امداد سے سیلاب سے متاثرہ افراد کو ضروری سامان، ہنگامی پناہ گاہ، صاف پانی، خوراک اور ادویات فراہم کی گئیں ۔ واضح رہے کہ فوری امداد کے علاوہ USAID آفات سے نمٹنے اور فوڈ سیکیورٹی کے حوالے سے پاکستان کی معاونت جاری رکھے ہوئے ہے۔

یوم پاکستان: کپتان چپل سے مشہور ہونے والے چاچا نور دین کو سول ایوارڈ سے نواز دیا گیا

23 مارچ یوم پاکستان کے موقع پر مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو سول اعزازات سے نوازا گیا ہے۔ایوان صدر اسلام آباد میں ہونے والی تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے سول اعزازات تقسیم کیے جبکہ چاروں صوبوں میں گورنرز نے اعزازات تقسیم کرنے کی ذمہ داری نبھائی۔گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے چاچا نور دین کو سول ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے نوازا۔اس اہم موقع پر کپتان چپل کی تیاری سے مشہور ہونے والے چاچا نوردین کے لیے بھی صدارتی اعزاز کا اعلان کیا گیا ہے۔چاچا نور دین خیبرپختونخوا کے شہر پشاور سے تعلق رکھتے ہیں اور اپنے ہنر کی بدولت انہوں نے لوگوں کی توجہ اپنی جانب سمیٹ لی ہے۔

چاچا نور دین نے حال ہی میں سابق وزیراعظم عمران خان کے لیے ایک چپل تیار کی ہے جس کا نام قیدی نمبر 804 رکھا گیا ہے۔چاچا نور دین نے اس چپل کی قیمت 25 ہزار روپے بتائی جبکہ عوام کے لیے کم قیمت میں ایسی ہی چپل بنانے کا بھی اعلان کیا۔کچھ روز قبل ایک انٹرویو میں چاچا نوردین کا کہنا تھا کہ انہوں نے بہت محنت کر کے 25 ہزار روپے کی لاگت سے چپل کی یہ جوڑی تیار کی ہے اور وہ عمران خان کی رہائی کے بعد انہیں یہ چپل تحفے کے طور پر پیش کرنا چاہتے ہیں۔ نوردین کا کہنا تھا کہ انہیں 3 ماہ پہلے خیال آیا تھا کہ اس بار عمران خان کو چپل کا نایاب تحفہ پیش کریں گے تاہم جیل سے رہائی نہ ملنے کے باعث انہوں نے عمران خان کی محبت میں قیدی نمبر 804 کے نام پر چپل تیار کی۔۔