کراچی (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہاکہ جمعیت روشن مستقبل کی نوید ہے جس نے نسل نو کی تعلیم وتربیت کے ساتھ ملک و معاشرے کو صالح اورصلاحیت کے حامل قیادت فراہم کی ہے۔ نوجوان امت کا قیمتی سرمایہ ہیں ہر انقلاب اور تبدیلی میں نوجوانوں کا بڑا کردار رہا ہے جمعیت کے نوجوان اسلامی جمہوریہ پاکستان میں ہر بدی کے خاتمے اور نیکی کے غلبے کے لیے بھرپورجدوجہدکریں تاکہ اسلامی انقلاب کی منزل قریب سے قریب سے قریب ترہوسکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ سندھ کے ناظم صوبہ عمیرشامل لاکھو کی قیادت میں ملاقات کرنے والے جمعیت کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔وفد نے صوبہ میں تنظیمی رفتار کا آئندہ کی منصوبہ بندی سے آگاہی کے ساتھ دعوتی ،تنظیمی اور تعلیمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد میں رائو مسلم،سعیدانور،ڈاکٹر اسامہ قریشی بھی شامل تھے۔ محمد حسین محنتی نے جمعیت کے ذمے داران پرزوردیا کہ تعلیمی اداروں میں پرامن وتعلیمی ماحول بنانے کے ساتھ بک فیئر، طلبہ کی فکری ونظریاتی تربیت اوران کی صلاحیتوں کوپروان چڑھانے کے لیے جمعیت بھرپور منصوبہ بندی کرے۔#