اسلام آباد (صباح نیوز)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اسلام آباد شہریار عارف خان نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ جانوروں کے حقوق کے تحفظ پر یقین رکھتی ہے اور اس حوالے سے متعلقہ عدالتی رہنمائی کی روشنی میں ہر سطح پر اقدامات کو کو یقینی بنایا جاتا ہے
اس امر کا اظہار ونہوں نے پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی (ایس ڈی پی آئی) کے زیر اہتمام آوارہ جانوروں کو تحفظ کی فراہمی کے موضوع پر منعقدہ ویبنار کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو جانوروں کے لیے محفوظ شہر بنانے کی خاطر تمام متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر ضلعی انتظامیہ رہنما اصول وضع کر رہی ہے۔ اسی طرح جانوروں کے کے لیے ویکسین سینٹرز کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے۔
ڈبلیو ڈبلیو ایف کے ڈائریکٹر گورننس ڈاکٹر عمران خالد نے شرکا کو بتایا کہ گو ان کا ادارہ جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے کام کرتا ہے تاہم وہ جانوروں کے حقوق کے حوالے سے حکومت کو ماہرانہ تجاویز پیش کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جانوروں کے حقوق کے بارے میں شعور عام کرنے کے لیے اجتماعی کاوشوں کی ضرورت ہے۔
سٹریز ہوم اینڈ ری ہیب شیلٹر کے بانی ڈاکٹر غنی اکرام نے شرکا کو بتایا کہ اسلام آباد کو جانوروں اور ہر طرح کی حیات کے لیے محفوظ شہر بنانے میں انہیں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ بعض نجی اداروں کا تعاون بھی حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ لائیوسٹاک کے شعبے کا اس ضمن میں اہم کردار ہو سکتا ہے۔مینجر ریبیز فری پاکستان فراز سعید نے کہا کہ معاشرے میں یہ شعور عام کرنے کی ضرورت ہے کہ جانور بھی ہماری ہمدردی کے مستحق ہیں۔جاناوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی سرگرم کارکن وجہیہ جاوید اور فریال نواز نے حکومت اور سول سوسائٹی کو جانوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ماہ رخ قزلباش نے اس موقع پر کہا کہ جانوروں کے تحفظ اور ان کے لیے سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے پالیسی سازی پر کام ہونا چاہئے۔
ایس ڈی پی آئی کی عائشہ الیاس نے قابل ازیں جانوروں کی حالت زار اور خصوصا آوارہ کتوں کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک کو اجا گر کرتے ہوئے کہا معاشرتی رویوں کی تبدیلی پر توجہ دی جانی چاہئے۔