الیکٹرک کے دیگر مسائل کا باہمی مشاورت سے حل نکالا جائے، انوار الحق کاکڑ

اسلام آباد(صباح نیوز)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے وزارت توانائی کو ہدایت کی ہے کہ کے۔الیکٹرک کے دیگر مسائل کا باہمی مشاورت سے حل نکالا جائے، کراچی کیلئے بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے اور بجلی صارفین کی قوت خرید اور ان کی بہبود پالیسی کا محور ہونا چاہئے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے کراچی الیکٹرک(کے۔الیکٹرک) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مونس عبداللہ علوی کی قیادت میں کے الیکٹرک کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں چیف ایگزیکٹو آفیسر کے۔الیکٹرک مونس عبداللہ علوی، چیف فنانس آفیسر کے۔الیکٹرک عامر غزینی اور ریگولیٹری آفیسر کے الیکٹرک عمران قریشی شامل تھے۔اس موقع پر نگران وفاقی وزیر توانائی محمد علی، چیئرمین نیپرا وسیم مختار، چیف ایگزیکٹو آفیسر سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی ریحان اختر اور دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے۔

اس موقع پر وزیراعظم کو کے۔الیکٹرک کے مختلف امور پر بریفنگ دی گئی۔ وفد نے وزیراعظم کا کے۔الیکٹرک کے دیرینہ مسائل حل کرنے پر شکریہ ادا کیا۔وفد نے کے۔الیکٹرک کے لئے 390 ارب روپے کے سرمایہ کاری پلان اور قابل تجدید توانائی کے 640 میگاواٹ کے منصوبوں کے لئے نرخوں کی منظوری اور 1000 میگا واٹ اضافی بجلی کی فراہمی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اور کے۔الیکٹرک کے باہمی تعاون سے کراچی کے لئے بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے گی، ان اقدامات سے سرمایہ کاروں کو مثبت پیغام ملا ہے۔ وزیراعظم نے وزارت توانائی کو ہدایت کی کہ کے۔الیکٹرک کے دیگر مسائل کا باہمی مشاورت سے مستقل حل نکالا جائے۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ بجلی صارفین کی قوت خرید اور ان کی بہبود پالیسی کا محور ہونا چاہہیے۔۔