فیصل آباد(صباح نیوز) وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ شریف فیملی برگر ڈیل مانگ رہی ہے جس میں کھلونا بھی ملتا ہے، آپ کو جتنی ڈیل اور ڈھیل ملنا تھی مل گئی، ہماری جتنی مجبوریاں تھیں وہ ختم ہوگئیں،روز بتایا جاتا ہے نوازشریف واپس آرہے ہیں، کیا نوازشریف راستہ بھول گئے ہیں؟شہباز شریف نے اپنے سمیت 4شخصیات کے لیے ڈیل کے لیے ہاتھ پھیلایا ہے۔
فیصل آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہباز گل نے کہا کہ شہباز شریف نے وعدہ کیا کہ اگر انہیں، ان کے بیٹے حمزہ شہباز، مریم نواز اور نواز شریف کو بخش دیں تو ہم سب لندن چلے جائیں گے۔
شہباز گل نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کے رہنما اپنے پاسپورٹ پر ویزا لگوانے کے لیے بے چین ہیں لیکن انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ وزیر اعظم عمران خان نے مہر اپنے ہاتھ میں رکھی جو وارنٹ پر لگیں گے اور اس کے بعد یہ تمام لوگ جیل جائیں گے۔معاون خصوصی نے کہا کہ شبہاز شریف کو عنقریب سلاخوں کے پیچھے دیکھیں گے کیونکہ ایک ایک چپڑاسی کے اکائونٹس میں چار چار ارب روپے آئے ہیں، جواب دینا پڑے گا کہ وہ رقوم کہاں سے آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم لندن میں علاج کی غرض سے موجود نواز شریف کی وطن واپسی کے خواہاں ہیں، بہت جلد ان کا ویزا بھی ختم ہوجائے گا۔شہباز گل نے کہا کہ اب ووٹ کا مقابلہ ووٹ سے ہو گا، عمران خان غریب کو علاج کیلئے وہاں لے آئیں جہاں وہ نہیں جا سکتا تھا جبکہ 13ارب کی لاگت سے منصوبے شروع اور اسی دور میں مکمل ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ شریف فیملی برگر ڈیل مانگ رہی ہے جس میں کھلونا بھی ملتا ہے، نواز شریف کا ویزہ جلد برطانیہ میں منسوخ ہو جائے گا۔
روز بتایا جاتا ہے نوازشریف واپس آرہے ہیں، کیا نوازشریف راستہ بھول گئے ہیں؟۔ شہبازگل نے کہا کہ ایاز صادق نے کہا میں نوازشریف کو لینے جا رہا ہوں، کیا نوازشریف دوشیزہ ہیں جو محرم کے بغیر نہیں آسکتے۔ کسی کے آنے کا ڈراوا تب دیتے ہیں جب کسی کا جانا نہ دیکھا ہو۔ان کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف نے وہیں گاجریں کاٹنی ہیں جو پہلے کاٹتے تھے، نوازشریف باہر جانے کیلئے پاں پڑتے تھے۔ باہر بھاگنے والوں کو محمود غزنوی نہ بنائیں۔
معاون خصوصی مزید بولے کہ آپ کو جتنی ڈیل اور ڈھیل ملنا تھی مل گئی، ہماری جتنی مجبوریاں تھیں وہ ختم ہوگئیں۔ علاوہ ازیں شبہاز گل نے فیصل آباد میں ترقیاتی کام سے متعلق کہا کہ رواں برس شہر کی تمام بڑی سڑکوں کو بنانے کا شروع کردیا جائے گا۔