اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان میں گاڑیوں کی پیداوار میں 70 فیصد اضافہ ہو گیا ہے ۔رواں سال کی پہلی ششماہی کے دوران ملک میں گاڑیوں کی پیداوار میں 70 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ملک میں گاڑیاں بنانے والے اداروں کی نمائندہ تنظیم پاکستان آٹو موبائل مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن (پاما)کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی (جولائی تا دسمبر 2021) کے دوران گزشتہ سال کی نسبت گاڑیوں کی فروخت میں 71 جب کہ پیداوار میں 72 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پاما کے مطابق رواں مالی سال یکم جولائی سے 31 دسمبر تک ملک بھر میں ایک لاکھ 14 ہزار 765 نئی گاڑیاں فروخت ہوئیں جب کہ گزشتہ سال اسی عرصے میں 67 ہزار 26 گاڑیاں فروخت ہوئی تھیں۔
اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کے پہلے 6 ماہ میں ہونڈا کمپنی کی مختلف ماڈلز کی 17 ہزار 620 گاڑیاں فروخت ہوئی جب کہ گزشتہ سال اسی دورانیے میں یہ تعداد 11 ہزار 958 تھی۔جولائی سے دسمبر 2021 کے دوران ٹویوٹا کے ماڈل یاریز 13 ہزار 223 اور کرولا کے 15 ہزار 903 گاڑیاں فروخت ہوئیں۔
رواں مالی سال کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران سوزوکی سوئفٹ کے 497، بولان کے 6 ہزار 241، کلٹس کے 14 ہزار516، ویگن آر کے ایک ہزار 629 جب کہ آلٹو کے 32 ہزار 388 یونٹ فروخت ہوئے۔
دوسری جانب رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران ٹویوٹا یاریز کے 12 ہزار 335، سوزوکی سوئفٹ کے 385، سوزوکی کلٹس کے 12 ہزار 895، سوزوکی ویگن آر کے 10 ہزار 418، سوزوکی بولان کے 5 ہزار 951 جب کہ سوزوکی لٹو کے 29 ہزار 486 یونٹس تیار کئے گئے۔