اسلام آباد(صباح نیوز)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے نئے ضم شدہ اضلاع کی ترقی ،فلاح و بہبود اور خوشحالی کے لیے وفاقی حکومت محدود وسائل کے باوجود صوبائی حکومت کو ہرممکن مدد فراہم کرے گی ، صوبے کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف لازوال قربانیاں دی ہیں، صوبے کے مالی وسائل حل کرنے کے لئے ایک سیکریٹیریل کمیٹی تشکیل دی جائے جو نیٹ ہائیڈل پرافٹس اور تیل و گیس کی رائلٹی کی ادائیگی کے حوالے سے سفارشات مرتب کرے، خیبر میڈیکل کالج پشاور اور ایوب میڈیکل کالج ایبٹ آباد کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا کام تیز کیا جائے۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے منگل کو جاری پریس ریلیز کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت خیبر پختونخوا کے امور پر اہم جائزہ اجلاس یہاں منعقد ہوا۔
اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعظم نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے نئے ضم شدہ اضلاع کی ترقی ،فلاح و بہبود اور خوشحالی کے لئے وفاقی حکومت محدود وسائل کے باوجود خیبر پختونخوا حکومت کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے مسائل سے پوری طرح آگاہ ہیں، ہم خیبر پختونخوا کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔نگران وزیر اعظم نے صوبہ خیبر پختونخوا کے مالی مسائل فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت کر تے ہوئے کہا کہ اس صوبے کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف لازوال قربانیاں دی ہیں۔نگران وزیر اعظم نے صوبے کے مالی مسائل حل کرنے کے لئے ایک سیکریٹیریل کمیٹی بنانے کی ہدایت کی جو کہ اس حوالے سے حکمت عملی ترتیب دے گی۔کمیٹی نیٹ ہائیڈل پرافٹس اور تیل و گیس کی رائلٹی کی ادائیگی کے حوالے سے سفارشات مرتب کرے گی۔ کمیٹی کی سربراہی وفاقی سیکرٹری خزانہ کریں گے جبکہ دیگر ممبران میں وفاقی سیکرٹری منصوبہ بندی ، وفاقی سیکرٹری آبی وسائل اور وفاقی سیکرٹری پٹرولیم شامل ہوں گے۔
نگران وزیراعظم نے خیبر میڈیکل کالج پشاور اور ایوب میڈیکل کالج ایبٹ آباد کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا کام تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔نگران وزیراعظم نے کہا کہ نگران حکومت نے پچھلے چار مہینوں میں ہر شعبے میں اصلاحات متعارف کروائی ہیں جن کا فائدہ ملک و قوم اور آئندہ آنے والی منتخب حکومت کو ہو گا۔اجلاس میں نگران وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر ، نگران وفاقی وزیر توانائی محمد علی ، نگران وفاقی وزیر قانون و آبی وسائل احمد عرفان اسلم ، نگران وزیر اعلی خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ ، نگران صوبائی وزیر خزانہ احمد رسول بنگش، نگران صوبائی وزیر برائے نئے ضم شدہ اضلاع عامر عبداللہ ، چیئرمین ایف بی آر ، چیئرمین واپڈا اور متعلقہ اعلی سرکاری افسران نے شرکت کی۔