ملک میں بجلی کی پیداوار ریکارڈ کمی کے بعد 8 ہزار 8 سو میگا واٹ رہ گئی

اسلام آباد(صباح نیوز)بجلی کی طلب 13 ہزار پانچ سو میگاواٹ رہ گئی ہے لیکن شارٹ فال 5ہزار 5 سو میگا واٹ ہونے کے باعث عوام کو بدترین لوڈ شیڈنگ کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ملک بھر میں سردیوں نے ڈیرے ڈال لئے ہیں اور مجموعی طور پر بجلی کی طلب کم ہوکر صرف 13 ہزار پانچ سو میگاواٹ رہ گئی ہے تاہم عوام کو پھر بھی بدترین لوڈ شیڈنگ کے عذاب کا سامنا ہے۔پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار 8 ہزار 8 سو میگا واٹ تک ہے، اور آج پن بجلی سے بجلی کی پیداوار صرف 800 میگا واٹ ہے، سرکاری تھرمل پلانٹس 1500 میگا واٹ،

آئی پی پیز سے 5 ہزار میگاواٹ اور نیوکلیئر پلانٹس سے1500 میگاواٹ بجلی کی پیداوار ہے۔پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق آج بجلی کا شارٹ فال 5ہزار 5 سو میگا واٹ تک پہنچ گیا ہے، اور طلب 13 ہزار 500 میگا واٹ ہے، پیداوار کم ہونے اور طلب و رسد میں فرق کے باعث شہری علاقوں میں لوڈشیڈنگ 8 گھنٹے اور دیہی علاقوں میں 10 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہے۔ جبکہ ہائی لاسز ایریا میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 16 گھنٹے تک ہے۔۔