حافظ نعیم الرحمن کا عرشی شاپنگ سینٹر کا دورہ ، الخدمت رضاکاروں کے ریسیکو آپریشن کا جائزہ لیا

کراچی/06دسمبر ( )امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے عرشی شاپنگ سینٹر میں خوفناک آتش زدگی کے فورا ً بعد متاثرہ عمارت کا دورہ کیا ، ریسکیو آپریشن میں مصروف الخدمت کے رضا کاروں سے ملاقات اور صورتحال کا جائزہ لیا ۔متاثرہ عمارت میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے اور زخمیوں کے علاج معالجے کے لیے سرکاری سطح پر انتظام کیا جائے ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے ٹائون چیئر مین گلبرگ نصر ت اللہ ، جماعت اسلامی ضلع گلبرگ وسطی کے سیکریٹری کامران سراج ، سٹی کونسل کے رکن قاضی صد ر الدین ، ڈپٹی سیکریٹری سیکریٹری اطلاعات صہیب احمد مختلف یوسیز چیئر مین اور الخدمت کے رضا کاروں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔

حافظ نعیم الرحمن نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آتش زدگی کے واقعات کی براہ راست ذمہ داری حکومتوں پر عائد ہوتی ہے۔پیپلزپارٹی گزشتہ 15 سال سے سندھ پر حکومت کررہی ہے اور ایم کیو ایم بھی اس کے ساتھ ہے۔ آگ بجھانے کے لیے اگر ضروری سامان اور مشینری موجود نہیں ہے تو اس کی ذمہ داری بھی انہی پر عائد ہوتی ہے جو حکومتوں میں رہے ہیں ۔حافظ نعیم الرحمن نے الخدمت کے رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے واقعے کے فوری بعد ریسکیو کے فرائض انجام دیے۔ حافظ نعیم الرحمن نے الخدمت کے رضاکاروں کو ہدایات دیں کہ متاثرہ افراد کو جلد از جلد ریسکیو کیا جائے اور ضروری اشیاء فراہم کی جائیں۔

انہوں نے ٹاؤن چیئرمین کو ہدایت دی کہ واقعے میں ہونے والے نقصان کا جائزہ لیں اور تخمینہ لگائیں اور جتنے افراد کو ریسکیو کیا جاچکا ہے ان کے عارضی قیام کا بندوبست کیا جائے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پہلے ہونے والے واقعات کی بھی تحقیقات نہیں کرائی گئی اور نہ روک تھام کے لیے عملی اقدامات کیے گئے۔آتش زدگی کے واقعات کا تسلسل حکومت اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ شہر میں آتش زدگی کے واقعات کا تسلسل اور جانی و مالی نقصانات انتہائی تشویش ناک ہے ،سسٹم کے نام پر اربوں روپے کی کرپشن کی جارہی ہے۔اگر سسٹم پر ہاتھ ڈالا جاتا تو اتنی بڑی تعداد میں کرپشن نہ ہوتی بلکہ مسائل حل ہوتے۔