ڈسکہ میں پنجاب یونیورسٹی کے کیمپس کی باضابطہ منظوری دے دی گئی ہے

ڈسکہ(صباح نیوز)سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق ،سابق رکن قومی اسمبلی این اے 75سیدہ نوشین افتخار نے بتایا کہ نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی صدارت میں صوبائی کابینہ کے اجلاس میں ڈسکہ میں پنجاب یونیورسٹی کے کیمپس کی باضابطہ منظوری دے دی گئی ہے انہوں نے کہا کہ میرے والد محترم سید افتخارالحسن شاہ کا خواب تھا کہ ڈسکہ کیلئے پنجاب یونیورسٹی کا کیمپس لایا جائے تاکہ ڈسکہ کی بیٹیاں اور بیٹے اپنے شہر میں رہتے ہوئے ہی اعلی تعلیم حاصل کرسکیں میںمیاں شہباز شریف کی مشکور ہوں جنہوں نے اس معاملے کو پنجاب حکومت کو بھیجا، اور پھر حمزہ شہباز شریف نے اس پراجیکٹ کے فنڈز کی فراہمی کی منظوری دی اورمریم نواز شریف کی بے حد مشکور ہوں جنہوں نے ہمیشہ میری رہنمائی کی اور عوامی خدمت کے منصوبوں کے لیے مکمل سپورٹ فراہم کی سٹی صدر مسلم لیگ ن امیدوار پی پی 51محمدافضل منشانے اس اہم کامیابی پر سیدہ نوشین افتخار کو خراج تحسین اور حلقہ کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ضمنی الیکشن میں کامیابی کے بعد محترمہ سیدہ نوشین افتخار نے حلقہ کے عوام کی سہولت کیلئے ستراہ میں نادرا آفس کا قیام ، ڈسکہ میں سوئی گیس آفس، ڈسکہ میں پاسپورٹ کانٹر کا قیام اور اب پنجاب یونیورسٹی کاکیمپس یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ سیدہ نوشین افتخار حلقہ کے عوام کا درد محسوس کرتے ہوئے ان کیلئے کام کرنے کا جذبہ رکھتی ہیں اور ان کے مسائل کے حل کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہیں اور ان شااللہ آنے والا دور بھی مسلم لیگ ن کا ہے