اسلام آباد(صباح نیوز)کنگ چارلس III کی سالگرہ کے موقع پر، پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے قومی زرعی تحقیقاتی مرکز((NARC اسلام آباد میں نیشنل ہربیریم اینڈ بوٹینیکل کنزرویٹری کا دورہ کیا۔ انہیں پاکستان کے نیشنل ہربیریم کی تاریخ اور اہمیت اور بوٹینیکل کنزرویٹری میں تحفظ کی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کے تناظر میں نباتاتی وسائل کی دستاویزات اور تحفظ میں نیشنل ہربیریم اور بوٹینیکل کنزرویٹری کے تعاون کو سراہا۔
بعد ازاں، محترمہ جین میریٹ نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار جینومکس اینڈ ایڈوانسڈ بائیو ٹیکنالوجی (NIGAB) کا بھی دورہ کیا۔ ڈاکٹر غلام محمد علی، چیئرمین پی اے آر سی، نے نگاب میں جاری تحقیقی کوششوں کی ایک جامع بریفنگ دی۔ ڈاکٹر علی نے نگاب میں کی جانے والی تحقیق کی بنیادی نوعیت کے علاوہ جینومکس اور جدید بائیو ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اس کی اہم شراکت پر روشنی ڈالی۔چیئرمین پی اے آر سی نے، حال ہی میں منظور شدہ چاول کی چار اقسام سے متعلق ادارے کے تازہ ترین نتائج کے بارے آگاہ کیا، جو کیڑے/کیڑوں کے خلاف مزاحمت، خشک سالی برداشت کرنے والی اور زیادہ پیداوار دینے والی ہیں۔ چیئرمین پی اے آر سی نے محترمہ جین میریٹ کو پاکستان کے نباتات اور حیوانات کو آب و ہوا کی وجہ سے درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے جاری تحقیقی کوششوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ محترمہ جین میریٹ نے پاکستان میں واٹر گورننس کے لیے برطانوی حکومت کی حمایت کا بھی تذکرہ کیا،
آبپاشی کے پانی کے موثر انتظام کے لیے پانی بچانے والی ٹیکنالوجیز کے استعمال کی اہمیت پر زور دیا۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے، برطانوی ہائی کمشنر نے پاکستان میں زرعی محققین کے ساتھ تعاون کے لیے برطانیہ کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستانی سائنسدانوں کی تحقیقی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے Chevening اسکالرشپس کی پیشکش کرکے پاکستان میں سائنسی ترقی کو فروغ دینے کے لیے برطانیہ کے عزم پر زور دیا۔ ماحولیاتی ذمہ داری کی علامت کے طور پر، محترمہ نے باضابطہ طور پر کنزرویٹری میں ( Macrophylla Callicarpa) کا پودا بھی لگایا۔