اے این ایف کی کارروائیاں،منشیات برآمد، 7ملزمان گرفتار


راولپنڈی،لاہور (صباح نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس( اے این ایف)نے ملک بھرمیں انسداد منشیات مختلف کارروائیوں میں 56کلوگرام منشیات، بھاری مقدارمیں ممنوعہ کیمیکل برآمد کرکے 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

اے این ایف کے ترجمان کے بیان کے مطابق فورس نے لگژری گاڑیوں کے ذریعے منشیات کی سمگلنگ ناکام بناتے ہوئے موٹروے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب ٹیوٹا لینڈ کروزر سے 30 کلوگرام ہیروئن برآمد کرلی۔

کارروائی کے دوران گاڑی سے 5 عدد 30 بور پستول بمعہ میگزین بھی برآمد ہوئے۔اس دوران گاڑی میں سوار خیبر اور پشاور کے رہائشی 2 ملزمان کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ دوسری کارروائی میں قمر دین پارک لاہور کے قریب گاڑی سے 14 کلو 400 گرام چرس برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن کی نشاندہی پر خاتون سمیت ایک اورملزم کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔ایک اور کاروائی کے دوران موٹرسائیکل سوار ملزمان کے قبضے سے 9 کلو 600 گرام چرس برآمد کر لی گئی۔

کوئٹہ میں واقع یارو ریلوے ٹریک کے قریب گھر پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران افغان باشندہ گرفتارکیا گیا۔مذکورہ گھر سے 2 کلوگرام آئس، 190 لیٹر ہائیڈرو کلورک ایسڈ سمیت مختلف اقسام کا ممنوعہ پاڈر بھی برآمد ہوا۔

گھر کو منشیات ذخیرہ کرنے کیلئے استعمال کیا جاتا تھا۔ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ۔