نومبر سے دسمبر 2021تک ملک میں مہنگائی نہیں بڑھی،ترجمان وزارت خزانہ کا دعوی


کراچی(صباح نیوز) ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نومبر سے دسمبر 2021تک ملک میں مہنگائی نہیں بڑھی اور کھانے پینے کی اشیا کی قیمتیں نیچے آنا شروع ہو گئی ہیں،آئی ایم ایف نے 700 ارب ٹیکس لگانے کا کہا لیکن ہم نے 350ارب ٹیکسزبڑھائے، پارلیمنٹ میں منی بجٹ پیش نہیں کیا گیا، منی بجٹ تب آتا ہے جب ٹیکس اہداف پورے نہ ہوں۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم نے کہا کہ مالی سال2021 میں شرح نمو 4 فیصد رہی، رواں سال آئی ٹی سیکٹر میں 4 ارب ڈالر ایکسپورٹ ہو جائے گی۔مہنگائی سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نومبر سے دسمبرتک مہنگائی نہیں بڑھی، کھانے پینے کی اشیا کی قیمتیں نیچے آنا شروع ہوگئی ہیں، چکن،انڈے کی قیمتوں میں استحکام ہے، آٹا کی قیمت میں بھی استحکام آگیا ہے جو کہ بڑی اچھی خبرہے۔ آئی ایم ایف پروگرام کے بعد لکھا گیا مہنگائی کا طوفان آئے گا، آئی ایم ایف نے 700 ارب ٹیکس لگانے کا کہا لیکن ہم نے 350ارب ٹیکسزبڑھائے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں منی بجٹ پیش نہیں کیا گیا، منی بجٹ تب آتا ہے جب ٹیکس اہداف پورے نہ ہوں، 6 ماہ کے دوران ہم نے ٹیکس ہدف سے زیادہ اکٹھا کیا، 345ارب کے ٹیکس میں عام آدمی کی کسی اشیا پرٹیکس نہیں لگایا۔ امپورٹڈ اشیا پرٹیکس لگایا ہے، امپورٹڈ ڈراموں کی وجہ سے ہماری ڈراموں کی صنعت تباہ ہورہی تھی۔ دودھ،دہی،چھوٹی بیکریزپرکوئی ٹیکس نہیں لگا، امریکا میں40سالہ، جرمنی میں 1992کے بعد مہنگائی کا ریکارڈ ٹوٹا، چین میں26سال بعد مہنگائی کا ریکارڈ ٹوٹا، عالمی ادارے کے مطابق پورے سال میں عالمی سطح پرمہنگائی کا10سالہ ریکارڈ ٹوٹا،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق بات کرتے ہوئے ترجمان وزارت خزانہ نے کہا کہ 15 دن پہلے 5 روپے پٹرول قیمت کم کی، برا یہ ہوا کہ عالمی مارکیٹ میں قیمتیں بڑھنے کی وجہ سے 4روپے قیمت بڑھانا پڑی، آنے والے دنوں میں پٹرول کی قیمتیں نیچے آئیں گی۔