عسکری ٹاورسمیت مقدمات، یاسمین راشد کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع


لاہور (صبا ح نیوز)انسداد دہشتگردی عدالت نے مسلم لیگ (ن) کا آفس جلانے، عسکری ٹاور پر حملے ، تھانہ شادمان نذر آتش کرنے اور دیگر مقدمات میں ڈاکٹر یاسمین راشد کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر دی۔

پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کو مختلف مقدمات میں جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر انسداد دہشتگردی عدالت پیش کیا گیا، اے ٹی سی کی سپیشل جج عبہر گل خان نے مقدمات پر سماعت کی، پولیس نے ڈاکٹر یاسمین راشد کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی۔

دوران سماعت تفتیشی افسر نے موقف اختیار کیا کہ مقدمات کا چالان تکمیل کے مرحلہ میں ہے مہلت دی جائے، عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا منظور کرلی اور سابق صوبائی وزیر کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کرتے ہوئے 24 جولائی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔

واضح رہے ڈاکٹر یاسمین راشد پر ماڈل ٹان میں مسلم لیگ (ن) کے آفس، عسکری ٹاور پر حملے اور تھانہ شادمان کو جلانے کا الزام ہے۔