نوازشریف کے آنے سے اپنے خاندان کے کچھ لوگ پریشان ہیں، حسان خاور


لاہور(صباح نیوز)پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور نے کہا ہے کہ نوازشریف کے آنے سے ان کے اپنے خاندان کے کچھ لوگ پریشان ہیں ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حسان خاور نے کہا کہ نواز شریف کے حوالے سے بہت شور ہے، ان کے آنے سے حکومت پریشان نہیں ہے بلکہ ان کے خاندان کے کچھ لوگ ضرور پریشان ہیں،مسلم لیگ نون کو سمجھ آ جانی چاہیے کہ جیت صرف قانون کی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ زرداری صاحب کی سیاست نے بھٹو صاحب کی وراثت ختم کر دی ، سندھ کے حالات اس وقت بہت پسماندہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی دلہن کراچی کا سہاگ اجاڑ دیا گیا ، میری درخواست ہے کہ خدا کیلئے سندھ کے عوام کی حالت پر ترس کھائیں،پیپلزپارٹی کہتی ہے جمہوریت بہترین انتقام ہے، لگتا ہے سارے کا سارا انتقام پیپلزپارٹی کی حکومت نے سندھ سے لے لیا،پیپلزپارٹی بھٹو کا روٹی، کپڑا مکان کا نعرہ لگاتی ہے، روٹی،کپڑا اور مکان عوام کو تحریک انصاف کی حکومت دے رہی ہے ، میں نہیں سمجھتا کہ لاہور میں آپ کی کوئی سیاسی حیثیت ہے، بلاول بھٹوزرداری لاہور آئیں، دہی بھلے کھائیں اور ڈیڑھ دو درجن لوگوں سے خطاب کریں اور واپس چلے جائیں کیوں کہ پنجاب میں پرفارمنس کی سیاست چلے گی، باتوں کی نہیں،پیپلزپارٹی اگر پنجاب میں اپنی سیاست کو زندہ کرنا چاہتی ہے تو گورننس اور کارکردگی بہتر بنائے۔

انہوںنے کہا کہ ہم ڈیل کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، یہ تو جھولی پھیلا کر اللہ سے دعا کرتے ہیں کہ ہماری صفوں میں لڑائی ہو۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے کی کاوش سے لاہور کے شہریوں کو سائیکلنگ کیلئے ایک اچھی جگہ فراہم کی ہے، شہر کی ہریالی اور شہریوں کی تفریح کا سامان فراہم کرنا بھی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔