لاہور(صباح نیوز) لاہور میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)کے2افسران کی گاڑی پر فائرنگ کردی خوش قسمتی سے دونوں افسران محفوظ رہے،واردات کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ مسلم ٹائون کے علاقے میں پیش آیا جہاں ایف بی آرکے ڈپٹی کمشنر سلمان علی اور علی سولنگی کی گاڑی پر عقب سے فائرنگ کی گئی جس سے گاڑی کو نقصان پہنچا تاہم دونوں افسران محفوظ رہے۔
پولیس کا بتانا ہے کہ واردات کے بعد نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان فرارہوگئے جبکہ پولیس نے ڈپٹی کمشنر سلمان علی کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔
دوسری جانب وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار اور آئی جی پنجاب نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کردیے اور وزیراعلی نے لاہور پولیس چیف سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔