ڈسکہ ( صباح نیوز) استحکام پاکستان فاؤنڈیشن لاہور کی طرف سے ضلع سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے ممتازصحافی و سماجی رہنما عبدالشکور مرزا کو صحافت اور سماجی خدمات پر اور ان کی اہلیہ زاہدہ پروین سابق ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سمبڑیال ضلع سیالکوٹ کو ان کی تعلیمی خدمات پر قائداعظم گولڈ میڈل سے نوازا گیا ہے۔
اس سلسلے میں لاہور میوزیم میں منعقدہ تقریب میں مہمان خصوصی چیئرمین شکایت سیل وزیر اعلیٰ پنجاب محمد زبیر خان نیازی نے انہیں میڈل پہناتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے اپنے شعبوں میں انتہائی گراں قدر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی والی شخصیات کو ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں قائداعظم گولڈ میڈ ل عطا کرتے ہوئی دلی خوشی و مسرت ہو رہی ہے۔
مہمان خصوصی محمد زبیر خان نیازی نے 52سال سے شعبہ صحافت سے 40 سال سے انسانی حقوق اور سماجی حوالے سے خدمات سرانجام دینے پر عبدالشکور مرزا اور 34 سال 6 ماہ اور 9 دن تعلیم و تدریس اور مختلف انتظامی عہدوں پر زاہدہ پروین کی مثالی کا رکردگی پر شاندار الفاظ میں سراہا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ عبدالشکورمرزا گذشتہ 35 برسوں سے پاکستان کے سب بڑے ہفت روزہ میگزین اخبار جہاں میں شہر اقبال کے نام سے سیاسی ڈائری لکھ رہے ہیں جبکہ بچوں،خواتین، مزدورں، اقلیتوں اورکسانوں کے حوالے سے ن کی خدمات ملکی اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم کی جاتی ہیں۔
سیالکوٹ کی فٹ بال صنعت کو بچوں کی مزدوری پاک بنانے اور یونیورسل پر ائمری ایجوکیشن پروجیکٹ شروع کروانے میں ان کی خدمات لائق تحسین ہیں۔ عبدالشکور مرزا آج کل سیالکوٹ انٹر نیشنل ائرپورٹ کے تعلقات عامہ کے شعبہ کے مشیر کے طور پر بھی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔
ان کی اہلیہ محترمہ زاہدہ پروین 2 اپریل 2021 کو ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن أفیسر زنانہ سمبڑیال سیالکوٹ کے عہدہ سے ریٹائر ہوئیں۔ ان کا طرہ امتیاز یہ ہے پوری ملازمت کے دوران ان کے خلاف ایک بھی زبانی یا تحریری شکایت نہیں ہو ئی۔ انہیں 2018 میں ڈپٹی کمشنر سید بلال حیدر کی طرف سے ضلع بھر کے8 مرد اور زنانہ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکشن آفیسروں میں بہترین افسر کا ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔ لاہور میں منعقدہ اس تقریب کے خاص مہمانوں میں سعدیہ سہیل ایم پی اے، عظمیٰ کاردار ایم پی اے، فرحت ایم پی اے، فاطمہ چدھڑ چیئرمین ویمن پرو ٹیکشن پنجاب، آصفہ میر کو آرڈینیٹر ویمن پرو ٹیکشن پنجاب، ملک محمد ثمین خان سابق ضلع ناظم اٹک اور محمد ذیشان وائس چیئرمین پی ایچ اے لاہور شامل تھے جبکہ اس موقع پر ڈاکٹر ذیشان بہادر خان چغتائی چیئرمین استحکام پاکستان فاؤنڈیشن، ملک خرم شہزاد اعوان وائس چیئرمین، امجد ملک جنرل سیکرٹری، رضوان بہادر خان چغتائی آرگنائزر اور فرخان امجد فنانس سیکرٹری استحکام پاکستان فاؤنڈیشن بھی موجود تھے۔
تقریب میں ملک بھر زندگی کے مختلف شعبوں سے نمایاں کارکردگی دکھانے والی 80 شخصیات کو قائد اعظم گولڈ میڈل عطا کئے گئے۔