کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس، مختلف وزارتوں اور ڈویژنز کیلئے تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری

اسلام آباد(صباح نیوز)کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی ) نے حیدرآباد۔سکھر موٹروے منصوبہ کیلئے 9 ہزار 500 ملین روپے کی حکومتی ضمانت کے اجرا کی منظوری دیدی، اجلاس میں مختلف وزارتوں اور ڈویژنز کیلئے تکنیکی ضمنی گرانٹس کی بھی منظوری دی گئی۔ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس (ای سی سی) پیر کو یہاں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں حیدرآباد۔سکھر موٹروے کیلئے 9 ہزار 500 ملین روپے کی حکومت پاکستان کی ضمانت کے اجرا کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کیلئے ریلیف اشیا کی خریداری کی مد میں 12 ارب روپے کی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔ ای سی سی نے علاقائی ممالک کے مقابلہ میں کم قیمت کی بنیاد پر 49 ادویات کی زیادہ سے زیادہ ریٹیل قیمت کو فکس کرنے کی اجازت بھی دے دی۔اجلاس میں نیوگوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ منصوبہ کیلئے وزارت ہوا بازی کیلئے 839.12 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔

اسی طرح اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کیلئے 120.450 ملین روپے، مختلف ذرائع سے حاصل خدمات کی مد میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کیلئے 14 کروڑ 5 لاکھ 84 ہزار 175 روپے، وزارت انسانی حقوق کیلئے 116.49 ملین روپے،وزارت اطلاعات و نشریات کیلئے 70 کروڑ روپے، پشاور کے علاقہ شاکس میں فاٹا لیویز سنٹر کے قیام کیلئے 48 ملین روپے، یو این امن مشن میں خدمات سرانجام دینے والے سول آرمڈ فورسز کو ادائیگیوں کیلئے وزارت داخلہ کو 470.82 ملین روپے، خیبرپختونخوا کے علاقہ مچنی میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کیلئے تربیتی کیمپ کے قیام کی مد میں 66.336 ملین روپے،وزارت داخلہ کیلئے 347.99 ملین روپے، سوات میں دہشت گردی کے واقعہ میں شہید اور زخمی ہونے والے افراد کے لواحقین کیلئے 49.5 ملین روپے،

جامشورو کول فائرڈ پاور پراجیکٹ کیلئے 9 ہزار 145 ملین روپے، وزارت پارلیمانی امور کیلئے 48.429 ملین روپے اور نیکٹا کیلئے 110.653 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری دی گئی،اجلاس میں ریڈیو پاکستان اور ایسوسی ایٹڈ پریس پاکستان( اے پی پی) کے لئے 70 کروڑ گرانٹ کی منظوری دے دی۔ریڈیو پاکستان کو 36 کروڑ روپے جب کہ ایسوسی ایٹڈ پریس پاکستان کو 34 کروڑ روپے کی گرانٹ ملے گی۔اجلاس میں اسحاق ڈار نے ریڈیو پاکستان کے ملازمین کی پینشن کا مسئلہ حل کرنے کے لئے کمیٹی قائم کردی جسے تین سے چار روز میں مسئلہ حل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔۔