بانی پاکستان نے مسلمانان برصغیر کو غلامی کی زنجیروں سے نجات دلائی،عثمان بزدار


لاہور(صباح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے مسلمانان برصغیر کو غلامی کی زنجیروں سے نجات دلائی، قائداعظم کی تعلیمات اور افکار پر عمل کر کے ہم پاکستان کو حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست بناسکتے ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے  قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت پر اپنے پیغام میں کہا کہ قائداعظم جیسے مدبر صدیوں پر بعد پیدا ہوتے ہیں، بانی پاکستان نے مسلمانان برصغیر کو غلامی کی زنجیروں سے نجات دلائی، قائداعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں مسلمانوں کے لئے آزاد وطن کا خواب حقیقت میں بدلا، قائداعظم نے اتحاد، تنظیم اور ایمان کے اصولوں کو اپنانے کی تلقین کی، تحمل، برداشت اور رواداری پر مبنی فلاحی معاشرے کا قیام بانی پاکستان کا خواب تھا۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی کے حکمرانوں نے قائداعظم کے اصولوں سے روگردانی کی، سابق کرپٹ حکمرانوں نے قائد کے پاکستان کو بری طرح نوچا اور اسی وجہ سے پاکستان اپنی اصل منزل سے ہٹ گیا، قائداعظم کی تعلیمات اور افکار پر عمل کر کے ہم پاکستان کو حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست بناسکتے ہیں، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اس مشن کی تکمیل کیلئے پرعزم ہے، عمران خان قائد اعظم کے خوابوں کو عملی شکل دینے کے لئے جدوجہد کررہے ہیں۔