عمران خان کی تدبیریں الٹی ہو رہی ہیں،حکومت اپنی نااہلی سے گِر رہی ہے،لیاقت بلوچ


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عمران خان کی تدبیریں الٹی ہو رہی ہیں،پنجاب میں پی ٹی آئی سرکار کو عوامی شدید ردِ عمل کا سامنا کرنا ہو گا۔حکومت اپنی نااہلی سے گِر رہی ہے

لیاقت بلوچ نے مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ظلم جبر ناانصافی کے نظام سے نجات دلانے کے لئے انقلابی تحریکوں میں ہمیشہ نوجوانوں نے انقلابی کردار ادا کیا۔ تحریک پاکستان میں قیام پاکستان کے لئے قائد اعظم نے طلبہ اور نوجوانوں کو اعتماد دیا اور آزادی کی بے مثال تحریک کامیابی کی منزل تک پہنچی۔

نائب امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ قائد اعظم کے وژن، قیام پاکستان کے مقاصد اور ولولہ انگیز تحریک وجدوجہد پر عمل کر کے ہی پاکستان اسلامی، مثالی ، مستحکم اور خوشحال پاکستان ہو گا، قائد کی فکر سے انحراف کر کے خرابیوں، گمراہیوں کا قوم شکار ہوئی ۔ایمان اتحاد تنظیم ہی اصل بنیاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جدوجہد اور ناکام حکومت کا اب چل چلا وکا وقت ہے۔ تحریک انصاف کی تنظیمیں قائم تھیں تو یہ حشر ہو ر ہا۔تنظیمیں توڑ کر اندرونی انتشار کو اور بڑھا لیا ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ عمران خان کی تدبیریں الٹی ہو رہی ہیں، انتخابی محاذ پر عوامی ردِ عمل پی ٹی آئی حکومت کی نااہلی ، عوام دشمن اسلوب ِحکمران اور ناقابل برداشت مہنگائی، بے روزگاری ، افراطِ زر ، پیداواری لاگت میں اضافہ ہے۔ عوام اپنے عدم اعتماد کا اظہار کر ہے ہیں کہ انہیں یقین ہے کہ پاکستان کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا گیا ہے، کشمیر پر سودے بازی کر لی گئی ہے، افغانستان کے لئے امریکی دباؤ کے تحت پاکستان کے مفادات کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ پنجاب میں پی ٹی آئی سرکار کو عوامی شدید ردِ عمل کا سامنا کرنا ہو گا۔حکومت اپنی نااہلی سے گِر رہی ہے۔

لیاقت بلوچ نے دنیا بھرخصوصا پاکستان کی مسیحی برادری کو خوشیوں کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اکثریت اور اقلیتوں کے دکھ درد، خوشیاں سانجھی ہیں پاکستان میں بحیثیت انسان سب برابر ہیں اورسب کے حقوق محفوظ ہیں۔ ظلم ناانصافی کے نظام سے مل کر نجات حاصل کرنا ہو گی۔ جماعت اسلامی مظلوم عوام کو جبر، ظلم، تعصبات ، انتہا پسندی ، عدم برداشت اور ناانصافی کے نظام سے نجات دلائے گی۔ علامہ اقبال کی فکر، قائد اعظم کے وژن ولولہ انگیز قیادت اور مفکرِ اسلام مولانا ابوالاعلی مودودی کے وژن اور دیئے گئے لائحہ عمل پر کاربند رہتے قیام پاکستان کے مقاصد کی تکمیل کی جائے گی۔ پاکستان میں تعصبات، انتہا پسندی ، عدم برداشت کو شکست دینا ہوگی۔